پنجاب میں اس وقت نمبر گیم سے متعلق مخصوص نشستوں کا معاملہ چل رہا ہے کہ کون سی جماعت کتنی مخصوص نشستیں حاصل کر پائے گئی۔
اس معاملے پر تمام جماعتوں نے نظر رکھی ہوئی ہے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی چند آزاد اور پی ٹی آئی حمایت یافتہ صوبائی امیدواروں کو توڑنے کے مشن پر گامزن ہیں۔
مزید پڑھیں
استحکام پاکستان پارٹی کے مطابق، اب تک 4 آزاد امیدواروں نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی ہے جبکہ لاہور سے ایک صوبائی سیٹ پر علیم خان کامیاب ہوئے ہیں جس کے بعد استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کی کل تعداد 5 ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں، آئی پی پی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی مخصوص نشستوں کی فہرست میں اداکارہ نور بخاری پہلے نمبر پر ہیں۔
4.5 جنرل نشستوں پر ایک مخصوص نشست ملنے کے فارمولے کے مطابق، استحکام پاکستان پارٹی کو ایک مخصوص نشست ملے گی۔ پارٹی کی فہرست میں پہلے نمبر پر عون چوہدری کی اہلیہ اداکارہ نور بخاری ہیں، اس لحاظ سے وہ پنجاب اسمبلی کی رکن بن گئی ہیں۔
عون چوہدری کی جیت کا نوٹیفکیشن واپس
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر عون چوہدری کی جیت کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
عون چوہدری سے الیکشن ہارنے والے سلمان اکرام راجا نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
عون چوہدری کی جیت کا نوٹیفکیشن واپس لینے سے متعلق ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کر دیا۔
اس موقع پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سلمان اکرم راجا کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ کی درخواست الیکشن کمیشن کے پاس زیر التوا ہے وہاں جائیں۔
ڈی جی لا نے کہاکہ سلمان اکرم راجا کی کمیشن میں زیر التوا درخواست کو قانون کے مطابق سن کر فیصلہ کریں گے۔ عدالت نے ڈی جی لا کے بیان کے بعد سلمان اکرم راجا کی درخواست نمٹا دی۔