وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے نامزد پی ٹی آئی امیدوار سالار کاکڑ کون ہیں؟

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے سالار کاکڑ کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے نامزد کیا ہے۔

بیرسٹر گوہر کی جانب سے اس اعلان کے بعد یہ ہر کوئی سالار کاکڑ کے بارے میں جاننا چاہتا تھا، تاہم معلوم ہوا کہ انہوں نے صوبائی نشست پر الیکشن میں حصہ ہی نہیں لیا، جبکہ قومی اسمبلی کی نشست ہار گئے ہیں۔

سالار کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے ہے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی اور اس کے بعد کراچی چلے گئے جہاں ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی سے بی کام کی ڈگری حاصل کی۔ پھر جامعہ بلوچستان سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹر کیا۔

سالار کاکڑ گزشتہ 17 سال سے سیاست سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے عملی سیاست کا آغاز پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے کیا۔ سالار کاکڑ پی ٹی آئی کے سائبر ونگ کے بانی ہیں۔ اس کے علاوہ جماعت کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات اور صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔

اس وقت سالار کاکڑ پی ٹی آئی کی ایگزیکٹو اور کور کمیٹی کا حصہ ہیں جبکہ صوبائی جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

17 مئی 2017 کو کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سالار کاکڑ کو ایف آئی اے کی جانب سے حراست میں بھی لیا گیا تھا۔

مشاورتی عمل کا حصہ بنانے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں، سالار کاکڑ

اِدھر سالار کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم فارم 45 کے مطابق جن جن سیٹوں سے جیتے ہوئے ہیں وہ نتائج چیلنج کر رہے ہیں اور امید ہے کے فیصلے ہمارے حق میں آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ میں بلوچستان کے فیصلوں میں مشاورتی عمل کا حصہ بنانے پر اپنے قائد عمران خان کا شکر گزار ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp