حالیہ عام انتخابات کے حیران کن نتائج کے بعد جہاں بیشتر سیاسی جماعتیں حکومت سازی کی تگ ودو میں مصروف ہیں وہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ضمن میں ملٹری اسٹیبلیشمنٹ کے خلاف نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔
سمانیوز کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں مولانافضل الرحمٰن نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور سابق سربراہ آئی ایس آئی میجر جنرل فیض حمید نے اس وقت کی اپوزیشن جماعتوں کو عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی ہدایت کی تھی، ان کے اس ’انکشافاتی بیان‘ نے بیشتر سیاسی جماعتوں کے جمہوری رویوں کی بظاہر قلعی کھول دی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بات ایسے وقت کہی ہے جب وہ اپنے سابق سیاسی حریف عمران خان کی جماعت تحریک انصاف سے بظاہر قربت بڑھانے کے عمل کا حصہ بھی ہیں، ان کے اس بیان پر تردیدی رد عمل تو متوقع تھا مگر اس کی نوعیت بڑی معنیٰ خیز بن چکی ہے۔
جہاں کچھ لوگ اسے من و عن درست سمجھتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں تو وہیں بعض حضرات نے اسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے، اور اس دوڑ میں صحافی بھی پوزیشن لینے سے باز نہیں آئے، سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ایکس پر صحافی اور تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے تو لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کا تردیدی بیان بھی پوسٹ کر ڈالا۔
مولانا کے بیان پر جنرل فیض حمید کا ردِعمل۔۔
“مولانا صاحب بھول رہے ہیں،کہ جب تحریکِ عدم اعتماد آئی تب میں کورکمانڈر پشاور تھا،میں 21 نومبر کو اسلام آباد سے چلا گیاتھا،میں ایسی کسی بات کے لیے جنرل باجوہ کے ساتھ نہیں گیا اور نہ ہی اس معاملے پر مجھے کوئی علم ہے،مولانا اپنی سیاست…— Irshad Bhatti (@IrshadBhatti336) February 15, 2024
ارشاد بھٹی کے مطابق سابق سربراہ آئی ایس آئی کا کہنا ہے کہ مولانا اپنی سیاست چمکانے کیلئےجان بوجھ کر غلط بیانی کر رہے ہیں۔ ’مولانا صاحب بھول رہے ہیں کہ جب تحریکِ عدم اعتماد آئی تو وہ کورکمانڈر پشاور تھے، میں 21 نومبر کو اسلام آباد سے چلا گیاتھا،میں ایسی کسی بات کے لیے جنرل باجوہ کے ساتھ نہیں گیا اور نہ ہی اس معاملے پر مجھے کوئی علم ہے۔‘
دوسری جانب صحافی اور تجزیہ کار جاوید چوہدری نے اپنے یوٹیوب چینل پر سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مولانا فضل الرحمٰن سے 4 ملاقاتوں کا احوال بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن ہمیشہ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے لیے کوشاں رہے۔
جاوید چوہدری کے مطابق انہوں نے جنرل باجوہ کے قریبی ذرائع سے رابطہ کیا تو انہوں نے دوٹوک الفاظ میں مولانا سے دریافت کیا ہے کہ وہ صرف ’مقام اور جگہ‘ بتادیں جہاں ان کی جنرل باجوہ اور فیض حمید سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا کہا تھا۔ ’جنرل باجوہ کا کہنا ہے کہ وہ اس پر حلف دینے کو تیار ہیں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔‘
صحافی اور تجزیہ کار رؤف کلاسرا نے مولانا فضل الرحمٰن کے اس بیان سے بظاہر اتفاق کرتے ہوئے ایکس پر لکھا ہے کہ مزے کی بات ہے کہ (وزیراعظم) عمران خان جنرل فیض کی خاطر پوری فوج سے لڑے، انہیں یقین تھا جنرل فیض ہی ان کی آخری ڈھال تھے۔
ڈی جی ISI جنرل فیض حمید میرے پاس آئے اور کہا آپ وزیراعظم عمران خان کو پارلیمنٹ کے اندر تبدیلی سے ہٹانا چاہیں توہٹا سکتے ہیں۔لیکن میں نے انکار کر دیا۔
چند دن بعد عمران خان کی حمایتی پارٹیوں نے انہیں چھوڑنا شروع کر دیا۔ مولانا فضل الرحمن کا ندیم ملک کو انٹرویو میں انکشافمزے کی…
— Rauf Klasra (@KlasraRauf) February 15, 2024
’وہی اکیلے عدم اعتماد کا راستہ روک سکتے تھے، ان کی کرسی جنرل فیض بچا سکتے تھے لہذا انہیں ڈی جی آئی ایس آئی کی سیٹ سے ہٹانے کو تیار نہ تھے۔دوسری طرف وہی جنرل فیض مولانا سے خفیہ ملاقاتیں کر کے انہیں پارلیمنٹ کے اندر سے عمران خان کو ہٹانے کا طریقہ سمجھا رہے تھے۔‘
رؤف کلاسرا کی اس پوسٹ پر تبصروں میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ضمن میں کے مبینہ متنازع کردارپرایمان لانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کے بیان کی جانچ پڑتال شروع ہوگئی۔
صحافی شاہد اسلم نے لقمہ دیا کہ جنرل فیض تو اس وقت آئی ایس آئی سے ہٹ چکے تھے اور ندیم انجم چارج سنبھال چکے تھے، جس پر رؤف کلاسرا نے لکھا کہ مولانا نے اگست 2021 کی بات کی ہے جب بقول ان کے جنرل فیض ان سے ملنے آئے تھے، جنرل فیض کو 6 اکتوبر میں ہٹایا گیا تھا۔
تبصروں کی اسی لڑی میں ایک اور صارف اویس احمد نے لکھا کہ شاید آپ کو یاد ہو کہ جنرل فیض اکتوبر 2021 میں کور کمانڈر پشاور تعینات کیے گئے تھے۔ ’جس وقت مارچ 2022 میں عدم اعتماد پیش ہوئی اور پھر اتحادیوں نے ساتھ چھوڑنا شروع کیا اس وقت ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم تھے۔‘
شاید آپ کو یاد ہو کہ جنرل فیض اکتوبر 2021 میں کور کمانڈر پشاور لگا دیئے گئے تھے۔
جس وقت مارچ 2022 میں عدم اعتماد پیش ہوئی اور پھر اتحادیوں نے ساتھ چھوڑنا شروع کیا اس وقت ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم تھے۔
So Fazlu Rehman statement is factually incorrect.— Awais Ahmed (@RealAwaisAhmed) February 15, 2024
اس موقع پر اویس احمد سے ایک اور صارف عثمان بشیر نے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اگست 2021 کی بات کررہا ہے بھائی، اپریل 2022 کی نہیں، جس پر تقریباً جھنجھلاتے ہوئے احمد اویس نے جوابی سوال داغتے ہوئے لکھا کہ اگست 2021 کے چند روز بعد ہی اتحادی چھوڑگئے تھے کیا۔