اسلام آباد پولیس نے واضح کیا ہے کہ چوں کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہفتہ 17 فروری کے اپنے احجاجی جلوس کے لیے کوئی اجازت طلب نہیں کی ہے اس لیے اس ’غیرقانونی‘ اجتماع کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق ہائی سیکیورٹی زون کے اندر کسی ریلی یا جلوس کی اجازت نہیں ہو گی۔ علاوہ ازیں سرکیں بند کرنے پر بھی پولیس ایکشن لے گی۔
مزید پڑھیں
پولیس ترجمان نے کہا کہ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے اور شہر میں ناکہ بندی اور جانچ پڑتال سخت کردی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ احتجاجی اجتماع کے باعث عوام کو آمدورفت کے دوران دقت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ترجمان نے خواتین ، بزرگوں اور بچوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتے کے روز ایف نائن پارک کی طرف جانے سے گریز کریں۔
پولیس ترجمان نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ دوران سفر ضروری شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی سے متعلق پکار 15 یا آئی سی سی ٹی 15 ایپ پر اطلاع دیں۔