پاکستانی ڈراموں کی معروف اور خوبرو اداکارہ نوال سعید نے کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں اداکاراؤں کے مقابلے میں مرد فنکاروں کا اپنے ساتھیوں کے ساتھ رویہ نسبتاً بہتر ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں
ایک ٹیلی وژن پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نوال سعید کا کہنا تھا کہ عام طور ان کا مرد اداکاروں کے ساتھ کام کا تجربہ اچھا رہا، جن چند برے تجربات کا سامنا کرنا پڑا وہ خواتین ساتھی اداکاروں کے ساتھ ہی پیش آئے۔
نوال نے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے حارث کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں نے باہمی مشاورت کے ساتھ پراجیکٹ میں کام کیا۔ نوال کا کہنا تھا کہ سینیئر اداکار شہروز سبزواری اور اور زاہد کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی اچھا تھا۔
حاسد اداکاراؤں کے بارے میں بات کرتے ہوئے نوال سعید نے کہا کہ جب انہوں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو انہیں خواتین ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنا مشکل لگتا تھا، تاہم اب ایسا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے 2 ڈراموں میں انہیں مشکل کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ کاسٹنگ کے دوران ان اداکاراؤں نے ہدایت کاروں کو مشورے دیے کہ وہ نوال کے علاوہ کسی اور کو ڈارموں میں کاسٹ کر لیں۔
انہوں نے کہا اس وقت اداکارائیں ان کے بارے میں عجیب و غریب باتیں کرتی تھیں، حتیٰ کہ ان کے وگ پہننے سے متعلق ان کے میک اپ آرٹسٹ سے بھی عجیب و غریب سوالات کیے گئے۔
نوال سعید پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی ایک خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ ہیں۔ انہوں نے بہت کم وقت میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز 2017 میں کیا تھا۔ وہ اب تک متعدد ہٹ ڈراموں میں مرکزی اداکارہ اور معاون اداکارہ کے طور پر بھی نظر آ چکی ہیں۔
نوال سعید کے مشہور ڈراموں میں یقین کا سفر، بے زبان، فریاد، ستم، دل ویران، داغ دل اور ماہ تمام جیسے مقبول ڈرامے شامل ہیں جن میں ان کی غیر معمولی اداکاری کو مداحواں نے خوب سراہا ہے۔