سابق چیئرمین سینیٹ و سینیئر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی رضا ربانی نے کہا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر آئین پر حملہ کیا۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہاکہ صدر مملکت آئین کو پامال نہ کریں اور فوری اجلاس بلائیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ صدر جمہوری عمل کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر عمل کرنا چاہیے۔
رضا ربانی نے کہاکہ آج آئین کے ساتھ دہشتگردی ہو رہی ہے، دستور پر آخری حملہ ایوان صدر سے ہوا۔
انہوں نے کہاکہ صدر کا اسمبلی اجلاس بلانے سے انکار غیر آئینی اقدام ہے، عارف علوی دستور کے آرٹیکل 91 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے انکار کرتے ہوئے سمری واپس بھیج دی ہے۔
صدر مملکت نے سمری واپس بھیجنے کے ساتھ نوٹ لکھ کر موقف اپنایا ہے کہ مخصوص نشستوں پر فیصلہ کیے بغیر اجلاس نہیں بلایا جاسکتا۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ صدر مملکت کے اجلاس بلانے سے انکار پر اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے 29 فرروری کو ازخود اجلاس بلا لیا ہے۔