وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عہدہ سنبھالتے ہی عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں، آج انہوں نے حلف اٹھانے کے بعد ہی اعلیٰ سطح اجلاسوں کی صدارت کی۔
مریم نواز نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران مہنگائی سے ریلیف کے لیے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پرائس کنٹرول کے لیے پائیدار اقدامات کا حکم دیتے ہوئے فوری پلان طلب کرلیا۔
مزید پڑھیں
مریم نواز شریف نے 5 روز میں پرائس کنٹرول کے لیے باقاعدہ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہاکہ پرائس کنٹرول کے لیے باقاعدہ قانونی میکنزم موجود نہیں۔ مہنگائی پر قابو پانا ہماری اولین ترجیحات میں سے ہے۔
انہوں نے کہاکہ گرانفروشی کے خاتمے کے لیے پائیدار سسٹم وضع کیا جائے۔ پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کے نرخ کنٹرول کیے جائیں۔
مریم نواز نے کہاکہ گرانفروشی کا ارتکاب کرنے والوں کو سزا یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں پرویز رشید، مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، بلال کیانی، افضل کھوکھر، ثانیہ عاشق، چیف سیکریٹری، آئی جی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تھانوں کی شکل وصورت بدلنا کافی نہیں، رویے بدلنا ہوں گے، مریم نواز
دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز کی صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا۔ جس میں پنجاب پولیس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مریم نواز نے کہاکہ صرف میرٹ اور انصاف ہونا چاہیے، کسی کی سفارش نہیں چلے گی۔ تھانوں کی شکل وصورت بدلنا کافی نہیں، رویے بدلنا ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ پولیس سسٹم سے متعلق کیے وعدے ہر صورت پورے ہوں گے۔ محکمے میں رشوت کا کلچر ختم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم سیف سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔ ہم اچھے پولیس افسروں کی قدر کرتے ہیں۔ اچھرہ میں خاتون کی جان بچانے والی آفیسر سے ملنا چاہوں گی۔