پانچویں اور چھٹے نمبر پر کھیلنے کے لیے مجھ سے بہتر آپشن کوئی نہیں، اعظم خان کا دعویٰ

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹر اعظم خان نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی ٹیم میں پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر کھیلنے کے لیے ٹی20 میں ان سے بہتر آپشن کوئی نہیں ہے، انہوں نے قومی ٹیم کے سیلیکٹرز کے نام پیغام میں کہا کہ ان کو کھیلنے کے لیے موقع فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ وہ پاکستان کے لیے اچھا کھیل پیش کر سکیں۔

2021 میں اپنے ٹی20 ڈیبیو کے بعد سے اعظم خان نے صرف 8 میچ کھیلے ہیں، آخری بار جنوری میں ہونے والی ٹی20 سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف صرف 3 میچز کھیلے تھے، انہوں نے 7.33 کی اوسط سے صرف 22 رنز بنائے، جس کے بعد ان کو باقی 2 میچوں کے لیے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ اپنے مختصر کیریئر میں وہ 5 بار ڈراپ ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں

اسپورٹس ویب سائٹ کرک وک کے ساتھ ایک انٹرویو میں اعظم خان نے پاکستان ٹیم کے لیے کھیلنے کے مواقع کی کمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم ہمیشہ میرے لیے پہلے آتی ہے۔ لیکن اگر ٹیم گیم میں صرف ایک فرد کو قربانی کا بکرا بنایا جاتا ہے تو یہ اچھی بات نہیں ہے۔

’میں کبھی کبھی مایوس ہو جاتا ہوں، مجھے ایک موقع ملنا چاہیے، گزشتہ 5 سالوں میں پاکستانی ٹیم میں 3 بار واپسی ہوئی لیکن خاطر خواہ موقع نہیں دیا گیا‘۔

انہوں نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاکستان میں نمبر 5 اور نمبر 6 پر میرے بیٹنگ نمبرز کے قریب کوئی نہیں ہے۔ گزشتہ 4 سالوں میں، صرف 12 بلے بازوں نے ٹی20 کرکٹ میں 25 سے زیادہ کی اوسط اور 145 کے اسٹرائیک ریٹ سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔

اس فہرست میں ٹم ڈیوڈ، گلین فلپس، گلین میکسویل، نکولس پوران، اعظم خان، کیرون پولارڈ، آندرے رسل، ہیری بروک، سوریہ کمار یادیو، مارکس اسٹوئنس، لیام لیونگ اسٹون اور ہینرک کلاسن شامل ہیں۔

اس اوسط اور اسٹرائیک ریٹ کے لحاظ سے ٹی20 کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار ہوسکتا ہوں لیکن مجھے اعتماد نہیں دیا گیا، اب تو کرکٹ اتنی تیز ہو گئی ہے کہ یہ میرے لیے مالی مسئلہ نہیں ہوگا، کیونکہ بہت سارے لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ ملتے ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ میرے پاس پیسہ کمانے کا یہ موقع ہے لیکن میں پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں۔

’اگر آپ مجھے لمبا رن دیں اور میں پرفارم نہ کروں تو مجھے ڈراپ کر دیا جائے، اس پر مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مختلف لیگز میں پرفارم کرکے آگے بڑھنے کی کوشش کروں گا‘۔

واضح رہے اعظم خان نے لگاتار 3 سے زیادہ ٹی20 اور کوئی بھی ایک مکمل سیریز نہیں کھیلی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بار بار سلیکٹرز کو زور دے رہے ہیں کہ انہیں بین الاقوامی سطح پر خود کو ثابت کرنے کے لیے ایک اچھا موقع دیا جائے۔

یہ بھی واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اعظم خان گزشتہ میچ میں 250 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کے قریب لے گئے تھے تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ اپنا میچ ہار گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp