پاکستان کی 16ویں قومی اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے، اب پہلے مرحلے میں اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب ہو گا، جس کے بعد نئے منتخب ہونے والے اسپیکر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب کرائیں گے، جس کے بعد قائد ایوان اور وزیراعظم کے انتخاب کا مرحلہ آئے گا، وزیراعظم کا انتخاب اتوار 3 مارچ کو ہو گا۔
Election of PM-1 by akkashir on Scribd
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری وزیراعظم کے انتخابات کا شیڈول کے مطابق وزیراعظم کے لیے کاغذات نامزدگی ہفتہ 2 مارچ کو دن 2 بجے تک وصول کیے جائیں گے اور پھر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 3 بجے تک ہوگی۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم کے لیے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے شعبہ قانون سازی سے لیےجاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران تجویز اور تائید کنندگان کا موجود ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
قومی اسمبلی 5 سال کے لیے اپنا قائد ایوان، وزیراعظم پاکستان کا انتخاب اتوار 3 مارچ کو کرے گی، 169 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے والا وزیراعظم بن جائے گا، قومی اسمبلی کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا اور پھر دیکھا جائے گا کہ کس طرف ارکان کی تعداد زیادہ ہے۔
ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے سابق وزیراعظم و مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کیا ہے، جبکہ سنی اتحاد کونسل نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کو وزیراعظم نامزد کیا ہے۔




















