اسپیکر ایاز صادق عمران خان کے کلاس فیلو سے مخالف امیدوار تک

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور سے تعلق رکھنے والے سردار ایاز صادق  17اکتوبر 1954 میں پیدا ہوئے اور ایچی سن کالج سے ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے ہیلے کالج آف کامرس سے بی کام کی ڈگری حاصل کی۔
پاکستانی سیاست میں نرم گو اور ٹھنڈے مزاج کے سیاستدان سردار ایاز صادق 5 بار رکن قومی اسمبلی اور تیسری بار اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔

1977 میں ان کی شادی سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور پہلے وفاقی محتسب سردار محمد اقبال کی صاحبزادی ریما سے ہوئی۔ سردار ایاز صادق کی ایک بیٹی اور 2 بیٹے ہیں۔

بزنس سے وابستہ ایاز صادق نے سیاسی کیریئر کا آغاز 1996 میں پاکستان تحریک انصاف سے کیا، 1997 میں پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے لاہور میں صوبائی سیٹ پر الیکشن لڑا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔ ایاز صادق ،عمران خان کے کلاس فیلو بھی رہے ہیں۔

آپ پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم رکن تھے اور ان کو پی ٹی آئی کے بانی اراکین میں سے ایک تصور کیا جاتا تھا۔ ایاز صادق کی عمران خان کے ساتھ بچپن کی دوستی اور ایچی سن کالج کے علاوہ ایک اور مشترک قدر کرکٹ کا شوق بھی ہے۔

1998 میں ایاز صادق نےعمران خان سے اختلافات کی بنیاد پر پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا اور 2001 میں ن لیگ میں شامل ہو گئے۔
نواز شریف کے جلا وطنی کے زمانے میں ان سے سعودیہ میں ملاقات کی اور واپسی پر سردار ایاز صادق نے سابق میئر لاہور اور مسلم لیگ نواز کے رہنما میاں شجاع الرحمان کے گھر ہونے والی ایک سیاسی تقریب میں خطاب کیا۔ یہ ان کا مسلم لیگ نواز کی کسی سیاسی تقریب میں پہلا خطاب تھا۔

ایاز صادق کے ہاتھوں بانی پی ٹی آئی کو شکست

سردار ایاز صادق نے مسلم لیگ نواز میں شمولیت کے بعد 2002 میں ن لیگ کے ٹکٹ پر بانی پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے شکست دی جبکہ 2008 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں کامیاب ہوئے۔

ایاز صادق نے 2013 میں ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کو شکست دی اور 313 کے ایوان میں 258 ووٹ لے کر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ بانی پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں ان کے خلاف انتخابی عذرداری دائر کر دی، 22 اگست 2015 کو الیکشن ٹریبیونل نے انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے این اے 122 میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا۔

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور ایاز صادق

2022 کے سیاسی بحران کےموقع پر بانی پی ٹی آئی اور اس وقت کے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ان ہاؤس ووٹنگ کے لیے پارلیمانی سیشن چیر کیا۔

کتابوں اور کرکٹ کا شوق

ایاز صادق اب دوبارہ 2024 میں سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں، اسپیکر سردار ایاز صادق کو کرکٹ کے علاوہ سیاحت اور کتابیں پڑھنے کا شوق ہے اور وہ پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ملک معراج خالد کے بعد دوسرے اسپیکر قومی اسمبلی ہیں جن کا تعلق لاہور سے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp