پنجاب پولیس کسی نہ کسی وجہ سے خبروں میں رہتی ہی ہے اور اس بار اس کا نام اچھرہ واقعے کے باعث زبان زد عام ہے۔ اس واقعے کی ہیروئن اے اسی پی شہربانو نقوی تھیں جن کا ان دنوں ملک میں شہرہ ہے حتیٰ کہ ان کی شادی کی تصاویر بھی خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
یاد رہے کہ 26 فروری 2024 کو لاہور کے مصروف بازار اچھرہ میں ایک خاتون کو عربی سے ملتی جلتی تحریر والا لباس پہننے کے باعث وہاں موجود چند مشتعل افراد نے ہراساں کیا تھا۔ جس کے بعد اے ایس پی شہربانو نقوی کی سربراہی میں پولیس فورس نے خاتون کو نہ صرف بحفاظت ریسکیو کیا بلکہ مشتعل ہجوم کو کنٹرول بھی کیا تھا۔
اے ایس پی شہربانو نقوی اپنے اس کارنامے کے باعث ان دنوں خبروں کا حصہ ہیں۔ شہربانو نے کمال ہوشیاری اور جی داری کے ساتھ ان خاتون کی جان بچائی تھی۔
واقعے کے بعد سے اے ایس پی شہربانو کو سوشل میڈیا پر کافی پذیرائی مل رہی ہے۔ ان کے اپنے اعلیٰ افسران سے لے کر پاک فوج تک اس کارکردگی پر ان کی تعریف کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ معاشرے کے خاص و عام طبقے کی جانب سے بھی انہیں سراہا جا رہا ہے۔
اس مختصر عرصے میں شہربانو کو متعدد ایوارڈز بھی ملے ہیں اور سعودی عرب نے انہیں شاہی مہمان کی حیثیت سے اپنے ہاں کا دورہ و حج کرنے کی بھی دعوت دے دی ہے۔
اے ایس پی شہربانو ایک بیٹی کی ماں بھی ہیں اور ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
ان تصاویر میں روایتی لہنگے اور زیورات میں بہت خوبصورت لگ رہی ہیں۔