گلگت بلتستان میں شدید بارش اور برف کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث اہم شاہراہیں بند ہو گئیں، کئی علاقوں کا دوسرے علاقوں سے زمینی راستہ منقطع ہو گیا ہے جب کہ عوام گھروں میں بند ہو کر رہ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
گلگت بلتستان میں ہفتہ کے روز بھی تیز بارش اور بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور برف کے تودے گرنے سے شاہراہ قراقرم 3 مقامات پر سے اور شاہراہ سکردو بھی بند ہو گئی ہے،گلگت شہر اور دیگر تمام اضلاع، ضلع ہنزہ، استور، ضلع غذر اور بلتستان میں تیز بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں شدید برف باری کے باعث شہری علاقوں کی جانب زمینی راستے آمدورفت کے لیے بند ہوچکے ہیں۔ شدید برف باری اور بارش کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر اور لوگ گھروں میں محسور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ شہری علاقوں میں بارش اور برف باری سے لطف اٹھانے کے لیے لوگ گھروں سے باہر نکلے ہیں، جس سے گلگت بلتستان میں سوپ اور ڈودو کی مانگ میں اضافہ ہوا۔
شدید بارشوں اور برف باری کے اس نئے سلسلہ کے باعث گلگت بلتستان میں سردی کا راج پھر لوٹ آیا ہے، عوام کی معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے ہیں، بالائی علاقوں میں برف باری سے عوام گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں۔
شاہراہ قراقرم مختلف مقامات سے بند ہو گئی ہے جس کے باعث گلگت بلتستان کی طرف سفر کرنا دشوار ہو گیا ہے، صوبائی حکومت نے مسافروں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں ۔
ضلعی انتظامیہ نے بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایات دی ہیں۔محکمہ موسمیات نے بارش کا نیا سلسلہ 3 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔گلگت بلتستان ڈیزآسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔