امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ مریم نوازشریف کا بطور وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونا پاکستانی سیاست میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پیر کے روز پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں خواتین کو سیاسی و معاشی شعبوں میں مکمل طور پر شامل کرنے کے لیے امریکا پاکستان ویمن کونسل کے علاوہ بھی اپنا تعاون پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین سے متعلق جب اس طرح کے فیصلے کیے جاتے ہیں تو امریکا کو ان فیصلوں سے خوشی ہوتی ہے۔
میتھیو ملر نے کہا کہ امریکا پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے، امریکا کی پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے، ایک مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکا اور پاکستان کے مفاد کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اتحاد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان ہی ایک خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے جس سے تمام پاکستانی مستفید ہوسکتے ہیں۔