فون ڈیٹا بچانے کے لیے مزاحمت پر طالبعلم قتل، موبائل میں ایسا کیا تھا؟

منگل 5 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر طالبعلم لاریب کی جان لے لی۔ یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے، مزاحمت پر مقتول کو گولی ماری اور فرار ہوگئے۔ قاتلوں کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی ڈھونڈ رہے ہیں۔

پولیس کی ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول لاریب نجی یونیورسٹی کا طالب علم تھا، باڈی بلڈنگ جم سے واپس گھر آرہا تھا کہ راستے میں 2 ملزمان نے روکا اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک گولی مقتول کی آنکھ کے قریب لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ جائے وقوع سے ایک 30 بور کا خول ملا ہے جبکہ مقتول کے پاس سے موبائل فون نہیں ملا مزید تفتیش جاری ہے۔

مقتول لاریب کے والد محمد حسین نے بتایا ہے کہ میرا بیٹا گھر سے جم جانےکے لیے نکلا تھا، لاریب کتاب بھی لکھ رہا تھا، ملزمان نے بیٹے سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی، موبائل فون میں لاریب کی کتاب کا ڈیٹا تھا جس کی وجہ سے اس نے مزاحمت کی، لاریب کی منگنی ہوچکی تھی، اگلے سال شادی تھی۔

مقتول کے بھائی شاہ زیب نے بتایا کہ میرا بھائی بیسک اکاونٹنگ پر کتاب لکھ رہا تھا، ڈکیتی کی وارداتیں روکنےمیں ادارے ناکام ہو چکے ہیں۔

مقتول لاریب کے والد محمد حسین کا کہنا ہے کہ لاریب کی نماز جنازہ بعد نماز عصر ہوگی، لاریب 4 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، لاریب نجی یونیورسٹی میں بی بی اے فائنل ایئر کا طالبعلم تھا۔

لاریب کے والد کے مطابق مقتول نے اکاوئنٹنگ پر کتاب لکھی تھی جس کی کل جامعہ کراچی میں تقریبِ رونمائی ہونا تھی جس میں بیرون ممالک سے بھی اساتذہ آرہے تھے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ جس کا دل کرتا ہے موبائل چھین کر گولی مار کر چلا جاتا ہےکوئی شنوائی نہیں ہوتی، اگر مجرموں کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہوتیں تو اس طرح کے واقعات نہ ہوتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp