لیجنڈز لیگ میں شاہد آفریدی کے مختلف رنگ، مختلف ڈھنگ

بدھ 15 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

10 مارچ سے قطر میں شروع ہونیوالے لیجنڈز لیگ ٹورنامنٹ کا افتتاحی ایڈیشن 20 مارچ تک جاری رہے گا۔ اس ٹی ٹوئنٹی لیگ میں تین ٹیمیں ایشیا لائنز، انڈیا مہاراجہ اور ورلڈ جائنٹس شامل ہیں۔

قطر میں جاری لیجنڈز لیگ میں کرکٹ کے میدان سے تعلق رکھنے والے کچھ بڑے نام شامل ہیں لیکن پاکستان کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے چرچے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر خوب ہورہے ہیں۔

ماضی میں اپنے چھکوں اور تیز رفتار بلے بازی کے لیے مشہور شاہد آفریدی لیجنڈز لیگ کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے مختلف انداز کی وجہ سے تبصروں کا محور و مرکز ہیں۔

شاہد آفریدی کی مختلف ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں سے بعض وہ خود سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شیئر کر رہے ہیں تو وہیں ان کی بعض پرانی ویڈیوز صارفین آج بھی سابق پاکستانی کپتان کے بے باک انداز اور حاضر جوابی سے لطف اندوز ہونے کے لیے دوبارہ شیئر کر رہے ہیں۔

لیجنڈز لیگ کے دوران کبھی شاہد آفریدی کی فٹنس کے دھوم تو کبھی سوشل میڈیا پر ان کے اور انڈین کھلاڑی گوتم گھمبیر کی مصافحہ کرتی ہوئی تصویر پر تبصرے۔ یوں  سوشل میڈیا صارفین لیجنڈز لیگ کے دوران شاہد آفریدی کے مختلف رنگوں سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔

چند دن قبل شاہد آفریدی نے ایک ویڈیو ٹوئٹر پر شئیر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبداالرزاق اونٹ پر سوار ہیں اور شاہد آفریدی ان کے اونٹ کی رسی پکڑ کر گھما رہے ہیں اور اس دوران ہنسی مذاق کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ جب زندگی آپ کو اپنے پرانے ساتھیوں کے ساتھ ایک اور موقع دے تو شاہد آفریدی کی طرح اس سے لطف اٹھائیں۔ وہ میرے پسندیدہ اسی لیے ہیں کہ وہ ہمیں ہر لمحہ جینا سکھاتے ہیں۔

ایک اور صارف نے شاہد آفریدی کی قطر سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سابق پاکستانی آل راؤنڈر کو ایک باز کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ صارف نے ویڈیو ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا: شاہد آفریدی قطر میں انجوائے کر رہے ہیں!

ایک اور ویڈیو میں میچ کے اختتام پر شاہد آفریدی بھارتی کھلاڑی کو گلے لگاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ جس کے بعد وہ امپائر سے بھی معانقہ کے لیے آگے بڑھتے ہیں لیکن جیسے ہی انہیں نظر آتا ہے کہ وہ خاتون امپائر ہیں تو فوراً پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ اسی محتاط رویہ پر مبنی انکی ویڈیو ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے ایک صارف نے اسے شاہد آفریدی کا ایک دلچسپ لمحہ قرار دیا۔

ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد آفریدی شعیب اختر کو ان کے حالیہ شاہین آفریدی مخالف بیان پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہتے ہیں کہ “شاہین کو کہہ رہے تھے کہ تمہاری جگہ میں ہوتا تو کھیل جاتا۔ میں یہ کردیتا۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ شعیب اختر نے پاکستان کے لیے بہت کچھ کیا ہے لیکن اس نے اتنے انجکشنز لگوائے ہیں کہ اب چلا ہی نہیں جاتا۔”

یہ ویڈیو ٹوئیٹ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا: صرف شاہد آفریدی میں اتنی ہمت ہے کہ وہ شعیب اختر کو ان کے سامنے یہ بات کہہ سکیں۔


لیجنڈز لیگ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں ملاقات ہو یا پھر گوتم گھمبیر کے ساتھ مصافحہ سے بننے والی میمز کا حصہ بننا، صارفین کا کہنا ہے کہ صرف شاہد آفریدی ہی ہیں جو میدان کے اندر اور باہر شائقینِ کرکٹ کو اپنی کارکردگی سے اپنا گرویدہ بنا لیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج تک ان کے مداح ان کی تعریف کرتے نہیں تھکتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp