سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب کو اسموگ فری بنانے کا اعلان کیا اور پلاسٹک بیگز کے خاتمے کے لیے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایات کردی اور فیصلہ کیا گیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے ای پی اے کوفعال اور ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔
صوبائی وزیرمریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے نجی شعبے کے اشتراک سے پلان بنانے کی منظوری دینے کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے ای پی اے کوفعال بنانے اور ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں
اجلاس میں نصاب میں ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات اورجنگلی حیات کے مضامین شامل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق پرائمری، سیکنڈی اور ڈگری پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ اجلاس میں پنجاب فارسٹ ایکٹ کوموجودہ تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے ترمیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔مریم اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب کی تاریخ کا پہلا زولوجیکل سروے کرانے کی بھی منظوری بھی دی گئی۔
مریم اورنگزیب نے شرکاءکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کاربن کریڈٹس اور کاربن فنانسگ کا اسٹرکچر فاسٹ ٹریک پرتیارکرنے کے اقدامات کیے جائیں۔
’لاہور میں پہلی بین الاقوامی مچھلی منڈی بنانے کا بھی فیصلہ کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ وائلڈ لائف کوجدید معیاری اورٹیکنالوجی کے ساتھ اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دی گئی‘۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں جانوروں کی اقسام، تعداداورعلاقوں کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔ پنجاب کی پہلی ڈیجیٹل وائلڈ لائف آرکائیوز بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی وائلڈلائف پروٹیکشن فورس بنانے اور وزیراعلی کے پلانٹ فار پاکستان ویژن پر عمل درآمد کی بھی منظوری دی گئی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب کواسموگ فری بنانے اور پلاسٹک بیگز کے خاتمے کے لیے پلان کی تیاری جلد از جلد کی جائے تاکہ اسموگ کے تدارک کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جاسکے۔