موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پرائمری انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی اپنی جماعتوں کی جانب سے آئندہ صدارتی انتخابات کے لیے نامزدگی حاصل کر لی ہے۔
مزید پڑھیں
میڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ روز دونوں رہنماؤں نے ریاست جارجیا، مسی سپی اور واشنگٹن میں ہونے والی پرائمریز میں کامیابی حاصل کی۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار 81 سالہ جوبائیڈن اور ری پبلکن پارٹی کے امیدوار 77 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کو پرائمری انتخابات میں زیادہ مخالفت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ یوں دونوں امیدوار مطلوبہ ڈیلی گیٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
یہ دونوں امیدوار اب 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں مد مقابل ہوں گے۔ ڈیموکریٹک اور ری پبلکن پارٹی کی جانب سے دونوں رہنماؤں کی نامزدگیوں کا باضابطہ اعلان رواں برس ہونے والے پارٹی کنونشنز میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ صدر بائیڈن اور سابق صدر ٹرمپ ان دنوں اپنی اپنی انتخابی مہم میں ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ رائے عامہ کے ابتدائی جائزے بتاتے ہیں کہ ٹرمپ کو بائیڈن پر معمولی سبقت حاصل ہے، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ٹرمپ کو 4 مقدمات کا سامنا ہے جن میں انہیں کئی سال کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔