امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو کیخلاف عمران خان کے لگائے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو کیخلاف لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں، تاہم کانگریس نے محکمہ خارجہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو کو اس حوالے سے طلب کیا ہے۔
ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو کے خلاف الزامات جھوٹے ہیں، محکمے کے افسران گواہی دیتے رہتے ہیں، بلاشبہ ہم امریکی حکام کیخلاف کسی بھی الزام کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
مزید پڑھیں
میتھیو ملر نے مزید کہا ہے کہ ہماری گواہی سے کانگریس کو پالیسی سازی میں مدد ملتی ہے، ڈونلڈ لو پر ماضی میں بھی الزامات لگائے گئے جس کی بار بار تردید کی گئی۔ سائفر معاملے کی وجہ سے کانگریس کے سامنے ڈونلڈ لو کی اس گواہی کو بہت اہمیت دی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سائفر معاملے اور اپنی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ جس پر امریکی حکام نے ڈونلڈ لو کو کانگرس کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
بھارت کے متنازع شہریت کے قانون پر امریکا کا اظہار تشویش
دوسری جانب امریکا نے بھارت کے شہریت ترمیمی ایکٹ پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، میتھیو ملر نے کہا کہ بھارت میں متنازع شہریت کے قانون کیخلاف شہری سڑکوں پر نکلے ہیں، حکومت مخالف نعرے بازی کی گئی، جس پر پولیس نے مظاہرین پر تشدد کیا۔
واضح رہے بھارت میں 2019 میں ایک متنازع قانون پاس کیا گیا تھا جو کچھ دن پہلے ملک بھر میں نافذ کردیا گیا ہے جس کے مطابق غیر مسلم افراد کو فوری شہریت جبکہ مسلمانوں کو شہریت کے لیے 11 سال کا انتظار کرنا پڑے گا اور اپنے پردادا کا برتھ سرٹیفکیٹ بھی جمع کروانا ہوگا۔
امریکا نے اسرائیلی آباد کاریوں پر پابندی عائد کر دی
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ امریکا نے مقبوضہ مغربی کنارے میں تین اسرائیلی آباد کاروں اور دو اسرائیلی آباد کاروں کی املاک پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیوں کا مقصد انتہا پسند تشدد کو روکنا ہے۔
ایکس پر محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے لکھا کہ یہ اقدام فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے یکساں طور پر امن اور سلامتی کے لیے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ اسرائیلی آباد کاروں کے خلاف پابندیوں کا صرف تازہ ترین دور ہے جس کا پچھلا مرحلہ گزشتہ ماہ کے اوائل میں آیا تھا۔