پاکستان سپر لیگ: بابراعظم کی ٹاپ اسکورر کی ہیٹرک مکمل

اتوار 17 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کا فائنل میچ کل اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ پی ایس ایل کے تمام 9 سیزنز میں کون کون سے کھلاڑی سب سے زیادہ رنز بنا کر ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑی کو حنیف محمد ایوارڈ سے بھی نوازا جاتا ہے۔

حنیف محمد ایوارڈ کا اجرا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز 2016 میں ہوا تھا، تاہم سابق پاکستانی کرکٹر حنیف محمد کے نام پر سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کو دیے جانے والے ایوارڈ کا اجرا 2017 میں دوسرے سیزن سے کیا گیا تھا۔

بابراعظم کی سیزن 2024 میں ٹاپ اسکورر کی ہیٹرک مکمل

رنز مشین کے طور پر گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم سرفہرست ہیں، انہوں نے سیزن 2020 اور 2021 میں اب تک 2 مرتبہ یہ ایوارڈ جیتا ہے، اور اب 2024 میں وہ اپنی ہیٹرک مکمل کرلیں گے، اگرچہ پی ایس ایل 9 میں ان کے سفر کا اختتام ہوچکا ہے، لیکن ان کے بنائے گئے 569 رنز کا ریکارڈ، باقی بچ رہے فائنل میچ میں نہیں توڑا جاسکتا۔ اس دوڑ میں ملتان سلطانز کے محمد رضوان 381 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

اکمل برادران پی ایس ایل کے پہلے 2 ایڈیشنز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے

دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں سیزن میں نہ کھیلائے جانے والے اکمل برادران پی ایس ایل لیگ کے پہلے 2 ایڈیشنز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔ 2016 میں کھیلے گئے پہلے سیزن میں عمر اکمل نے 335 رنز بنائے تھے۔ 2017 کے دوسرے سیزن میں کامران اکمل 353 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے تھے۔

فخر زمان نے 2022 میں 588 رنز بنائے تھے، 9 سیزنز میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا مجموعہ

ملتان سلطانز کے محمد رضوان 2023 میں 550 رنز بنا کر سرفہرست رہے جبکہ لاہور قلندرز کے فخر زمان نے 2022 میں 588 رنز بنائے تھے، یہ ان کا منفرد اعزاز بھی ہے کہ تمام 9 سیزنز میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

شین واٹسن اور لیوک رونکی بھی ٹاپ اسکورر رہے

آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر شین واٹسن اور نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز لیوک رونکی بھی ایک، ایک مرتبہ ٹاپ پر رہے ہیں۔ 2018 کے سیزن میں لیوک رونکی نے 435 رنز جبکہ 2019 کے سیزن میں شین واٹسن نے 430 رنز بنائے تھے۔

سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی بابراعظم ٹاپ پر ہیں

پی ایس ایل کے تمام ایڈیشنز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی کنگ بابراعظم 3 ہزار 5 سو 4 رنز بناکر سرفہرست ہیں۔ بابراعظم پی ایس ایل کے 9 سیزنز میں ٹاپ اسکورر کی ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے سیزن 2020 میں 473 اور 2021 میں 554 رنز بنا کر مسلسل 2 مرتبہ حنیف محمد ایوارڈ جیتا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp