وزیراعظم شہباز شریف کی کیپٹن احمد بدر شہید کے اہلخانہ سے ملاقات، آبدیدہ ہوگئے

پیر 18 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں اور افسران نے ملک کی بقا کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

شہباز شریف شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن محمد احمد بدر شہید کے گھر ٹمن (تلہ گنگ) پہنچے اور شہید کے والدین و دیگر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ شہدا کے اہلِخانہ پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں، پوری قوم شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم نے شہید کے والد کو گلے لگایا اور ان کی ہمت، حوصلے ، جذبہ اور استقامت کو سراہا۔ شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف خود بھی آبدیدہ ہو گئے۔ وزیراعظم نے کیپٹن احمد بدر شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے والدین اور اہلخانہ کو دلاسہ دیا۔

شہباز شریف نے کہاکہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید، کیپٹن احمد بدر شہید اور دیگر شہدا نے جرات و بہادری سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، شہدا نے بہادری اور جرات کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔

فوجی جوانوں نے ملکی بقا کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم نے کہاکہ پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسران نے ملک کی بقا کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، مجھ سمیت پوری قوم ملک کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کیپٹن احمد بدرشہید کے والد کرنل (ر) قاضی بدر الدین کے حوصلے اور اللہ کی رضا پر ان کی استقامت کو بے مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ شہید کے اہلخانہ کا حوصلہ دیکھ کر سب کو جرات اور حوصلہ ملا ہے، کہنا بہت آسان لیکن کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، ان کی استقامت اور صبر دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔

اپنے بیٹے کی شہادت پرفخر ہے، والد شہید کیپٹن احمد بدر

اس موقع پر کیپٹن احمد بدر شہید کے والد نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، اپنے بیٹے کی شہادت سے مجھے نیا حوصلہ ملا ہے، میرے بیٹے نے خود تو شہادت کا رتبہ پایا لیکن لوگوں کی جانیں بچائیں اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ اب میں اپنے بیٹے کے نام سے پہچانا جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک ہے تو سب کچھ ہے، میرا بیٹا اللہ کی امانت تھی جو اس نے لے لی، اپنے بیٹے کی جدائی کا افسوس ضرور ہے لیکن اس کی شہادت پر فخر ہے، میرے بیٹے نے میرا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

شہید کے والد نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ ان کے بیٹے کے نام پر سکول تعمیر کیا جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے ان کی خواہش پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف کے گھر چکلالہ بھی گئے

قبل ازیں وزیراعظم میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کے گھر چکلالہ گئے۔ وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کی مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp