روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے ترسیلات زر کا حجم 7.478 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا

منگل 19 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے سمندر پارپاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 7.478 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔

مجموعی طور پر 7.478 ارب ڈالر کا زرمبادلہ  

اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2020 کے بعد سے لےکر فروری 2024 کےاختتام تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے مجموعی طورپر 7.478 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے۔

سرٹیفکیٹس اور اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری

اعدادوشمار کے مطابق اس مدت میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے ملک میں مجموعی طور پر 837 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

سمندر پار پاکستانیوں نے روایتی نیاپاکستان سرٹیفکیٹس میں 304 ملین ڈالر، اسلامی نیاپاکستان سرٹیفکیٹس میں 501 ملین ڈالر اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 32 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

دبئی میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافہ

دبئی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں فروری کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 1.72فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سےجاری اعدادوشمارکے مطابق فروری میں دبئی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 301.6 ملین ڈالر کا زر مبادلہ ملک ارسال کیا، جوجنوری کے مقابلے میں 1.72 فیصد زیادہ ہے۔

جنوری میں دبئی کام کرنے والے پاکستانیوں نے 296.5 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جوفروری میں بڑھ کر301.6ملین ڈالر ہوگیا۔

گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں کمی ریکارڈ

جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں دبئی سے ترسیلات زر کا حجم 2.320 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 6.2 فیصدکم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دبئی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.472 ارب ڈالر کا زر مبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 میں سمندرپارپاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکاحجم 18.082 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 18.308 ارب ڈالر تھا۔

سوتی دھاگا کی برآمدات: سالانہ بنیادوں پر 48 فیصد کی نمو ریکارڈ

سوتی دھاگا کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 48 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2023 سے لےکر فروری 2024 تک کی مدت میں سوتی دھاگا کی برآمدات کا حجم 748 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں48 فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی دھاگا کی برآمدات سے ملک کو 505 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

فروری میں 2024

فروری میں 2024 میں سوتی دھاگا کی برآمدات کاحجم 78 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاجو گزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 41فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال فروری میں سوتی دھاگے کی برآمدات کاحجم 56 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا۔

جنوری کے مقابلے میں کمی

جنوری کے مقابلہ میں فروری میں سوتی دھاگے کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 3 فیصدکی کمی ہوئی۔ جنوری میں سوتی دھاگہ کی برآمدات کاحجم 81 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں کم ہو کر 78ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 8 ما ہ میں ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات کاحجم 11.14 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 11.21 ارب ڈالر تھا۔

بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات میں 28 فیصد کمی ریکارڈ

بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 28 فیصد کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2023سے لے کر فروری 2024 تک بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات پر 268 ملین ڈالر کازرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 28 فیصدکم ہے۔

گزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 40 فیصد کمی

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات پر 374 ملین ڈالر کازرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ فروری میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات کاحجم 23 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 40 فیصد کم ہے ۔گزشتہ سال فروری میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات کاحجم 38 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مجموعی درآمدات کا حجم

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مشینری گروپ کی مجموعی درآمدات کا حجم 5.045 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشینری گروپ کی مجموعی درآمدات کاحجم 4.154 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp