دو گروپوں کی مخاصمت، شہلا رضا پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پہلی خاتون صدر منتخب

بدھ 20 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کا قومی کھیل ہاکی عرصہ دراز سے زوال کا شکار ہے، ایک جانب کھلاڑی تنخواہوں سے محروم ہیں تو دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن میں متوازی نظام کار فرما رہا ہے۔

فیڈریشن میں موجود ایک برتر گروپ کے حمایت یافتہ سیکریٹری حیدر حسین رضوی نے پی ایچ ایف کانگریس کا غیر معمولی اجلاس طلب کیا، جس میں پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور ایم این اے سیدہ شہلا رضا کو فیڈریشن کا صدر منتخب کرلیا۔

گزشتہ روز کراچی میں منعقدہ پی ایچ ایف کانگریس کے اس ہنگامی اجلاس میں 64 میں سے 54 اراکین نے شرکت کی، اجلاس میں متفقہ طور پر شہلا رضا کو صدر منتخب کیا گیا اور یوں شہلا رضا پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پہلی خاتون صدر بن گئی ہیں، وہ اس سے قبل پی ایچ ایف کی بطور نائب صدر فرائض سر انجام دے چکی ہیں۔

کانگریس اراکین نے شجاع اقبال پاشا کو سیکرٹری فائنانس منتخب کیا ہے، اجلاس میں وزیراعظم پاکستان کی سفارشات کے تحت ہاکی کلبوں کی اسکروٹنی اور پی ایچ ایف الیکشن کے عمل کی بھی توثیق کی گئی، اسکروٹنی اور الیکشن کے عمل کے لیے قائم کردہ 5 رکنی کمیٹی کو اسکروٹنی کا عمل شروع کرنے کے احکامات کی منظوری، ہاکی کی بہتری کے لیے کلب لیول سمیت اسکول و کالج میں ہاکی کے کھیل کی حوصلہ افرائی کے اقدامات پر بھی منظوری دی گئی۔

صدر بننے کے بعد شہلا رضا کا کہنا تھا وہ 7 سال پہلے بھی ہاکی فیڈریشن کا حصہ رہی ہیں، ان کی کوشش ہوگی کہ ہاکی فیڈریشن کو درپیش مشکل حالات سے نکالا جاسکے، اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے لیے اچھی ٹیم تیار کرنا ہے، فیڈریشن میں کرپشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اپنا کام کر رہی ہے اور جس نے فیڈریشن کو اس حال میں پہنچایا ہے ان کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دوسرے گروپ کا اجلاس رانا مجاہد کی سربراہی میں جمعرات کو اسلام آبادمیں ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp