وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ لو نے سائفر کی کہانی کو جھوٹ قرار دیدیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ عمران خان نے پوری قوم سے جھوٹ بول کر امریکا سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ جنوبی ایشیا کے لیے امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری خارجہ ڈونلڈ لو نے امریکی ایوان نمائندگان کی امورخارجہ کمیٹی میں بیان دیا ہے کہ سائفر کے ذریعے امریکی سازش کا جو الزام عمران خان نے عائد کیا ہے وہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔
ڈونلڈ لو امریکی ایوان نمائندگان کی امورخارجہ کمیٹی میں انتخابات کے بعد پاکستان میں جمہوریت کے مستقبل اورپاک امریکا تعلقات سے متعلق معاملات کی سماعت کے دوران پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔
سماعت میں پاکستان میں جمہوریت اور پاکستان اور امریکا کے باہمی تعلقات کے مستقبل سے متعلق سوالات کیے گئے۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ سائفر کے ذریعے امریکی سازش کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کا الزام سراسر جھوٹ ہے اور پاکستانی سفیر اسد مجید بھی سائفر کا الزام جھوٹا قرار دے چکے ہیں۔
پاکستان میں انتخابی نتائج کے حوالے سے ڈونلڈ لو نے کیا کہا؟
ڈونلڈ لو نے کہا کہ انتخابات میں بے ضابطگیوں کی شکایات دیکھنا الیکشن کمیشن پاکستان کا کام ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن پاکستان شفاف طریقے سے بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کا احتساب کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پاکستان نے اعلیٰ سطح کمیٹی بنائی ہے جس میں ہزاروں پٹیشن جمع ہوچکی ہیں اور ہم انتخابات میں بے ضابطگیوں سے متعلق تحقیقات کو غور سے دیکھ رہے ہیں۔
ڈونلڈ لو نے کہا کہ ہم حکومت اور الیکشن کمیشن کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ شفاف عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اس بار کے عام انتخابات میں دھاندلیوں، تشدد اور دھمکیوں کے باوجود ووٹر ووٹ دینے نکلے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات سے پہلے انتخابی بدسلوکی اور پرتشدد واقعات لائق تشویش تھے اور ہم پاکستان میں انسانی حقوق اور پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔