دی ہنڈرڈ لیگ، کس پاکستانی کھلاڑی کو کتنے پیسے ملیں گے؟

جمعرات 21 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

23 جولائی سے شروع ہونے والی دی ہنڈرڈ لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا ڈرافٹ تیار ہوگیا، جس میں 5 پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں، سب سے مہنگے کھلاڑیوں میں بولر نسیم شاہ، اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم، تیسری کیٹگری میں حارث رؤف اور چوتھی میں اسامہ میر کو منتخب کیا گیا۔ بابر اعظم اور محمد رضوان لگاتار چوتھی بار دی ہنڈرڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔

دی ہنڈرڈ لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے گزشتہ روز رجسٹریشن کا عمل ہوا، جس میں بابر اعظم اور محمد رضوان سمیت مختلف پاکستانی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی۔ تاہم بابر اعظم اورمحمد رضوان اس بار بھی لیگ کا حصہ نہیں بن سکے، جبکہ پاکستان کے 5 کھلاڑیوں کو دی ہنڈرڈ لیگ کے لیے منتخب کردیا گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے مہنگے کھلاڑی نسیم شاہ رہے۔

لیگ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں میں سے سب سے زیادہ 1لاکھ 25ہزار پاؤنڈ (ساڑھے 4 کرورڑ روپے) کی بولی بولر نسیم شاہ کی لگی۔ اس کے بعد شاہین شاہ اور عماد وسیم کے لیے 1لاکھ پاؤنڈ (3کروڑ 60 لاکھ روپے) کی بولی لگی۔ حارث رؤف کے لیے 75 ہزار پاؤنڈ (2کروڑ 70لاکھ روپے) اور اسامہ میر کے لیے 60 ہزار پاؤنڈ (2کروڑ 10لاکھ روپے) کی بولی لگی۔

دی ہنڈرڈ لیگ کی ڈرافٹنگ لسٹ شائع ہونے کے بعد شائقین کرکٹ نے بابر اعظم، ڈیوڈ وارنر اور بھارتی وومن اسٹار ہرمن پریت کور کو شامل نہ کرنے پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ ڈرافٹ میں زیادہ تر ٹیموں نے ویسٹ انڈین اسٹارز کو منتخب کیا ہے۔ جبکہ بھارت کی جانب سے کوئی بھی مرد کھلاڑی 2024 ڈرافٹ کا حصہ نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ دی ہنڈرڈ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے پلئیرز ڈرافٹ میں 65 پاکستانی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی تھی، جس میں 60 مینز اور 5 ویمنز کھلاڑی شامل تھیں۔ جبکہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے نوجوان بلے باز صائم ایوب ڈرافٹ لسٹ سے دستبردار ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن کا باضابطہ آغاز 23 جولائی سے ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp