ڈونلڈ لو کے بیان پر اسد مجید کو اپنا مؤقف دینا چاہیے، بیرسٹر گوہر خان

جمعرات 21 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ امریکی دفتر خارجہ کے عہدیدار ڈونلڈ لو کے بیان پر پاکستانی سفارتکار اسد مجید کو اپنا مؤقف دینا چاہیے، سابق وزیر اعظم عمران خان نے اس پورے معاملے کی دوبارہ تحقیق کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ سائفر کے معاملے پر ڈونلڈ لو کی تردید سراسر جھوٹ ہے کیونکہ 20 گھنٹے بعد بھی پاکستانی سفارتکار اسد مجید کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا، یہی وجہ ہے کہ ان کی جماعت سائفر معاملہ کی دوبارہ تحقیق کا مطالبہ کرتی ہے۔

بیرسٹر گوہر خان کے مطابق امریکی عہدیدار نے گزشتہ روز اپنے بیان میں جو ثبوت دیے ہیں وہ سراسر جھوٹ ہیں، یہی وجہ ہے ان کے بیان پر اسد مجید کو اپنا تردیدی یا تائیدی مؤقف دینا چاہیے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق ڈونلڈ لو نے نہ صرف سائفر کے مواد بلکہ اسد مجید سے ملاقات کا بھی ذکر نہیں، انہوں نے بہت سے معاملات چھپائے ہیں۔

عمران خان کی رہائی کے لیے مذاکرات کے سوال پر بیرسٹر گوہر خان کا موقف تھا کہ بحیثیت سیاسی جماعت کسی بھی دوسری سیاسی جماعت سے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں، تاہم عمران خان کی رہائی کو مذاکرات سے مشروط نہیں کرتے۔

’بانی پی ٹی آئی  کے کیسز عدالتوں میں چل رہے ہیں، ان کی رہائی کے لیے مذاکرات نہیں کریں گے، ہم عدلیہ پراعتماد ہے، جس طرح ہمارے خلاف 14 گھنٹے کیس چلا کر 10 منٹ کے وقفے دے کر فیصلے دیے گئے، اعلیٰ عدلیہ کی آئینی ذمہ داری ہے کہ اس نوعیت کے فیصلوں نظر ثانی کرے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp