اسرائیلی فوجیوں اور مغویوں کی ہلاکت، جنگ بندی کے اثرات مزید کم ہوگئے

اتوار 24 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی غزہ میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعات سامنے آئے ہیں، القسام بریگیڈ اور القدس کی مختلف کارروائیوں میں کئی قابض فوجی ہلاک ہوئے ہیں، دوسری جانب خوراک کی قلت اور فاقوں کی بدولت اسرائیلی مغوی بھی ہلاک ہورہے ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مغربی کنارے میں افسر سمیت 4 اسرائیلی فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں، شمالی غزہ کی پٹی میں بھی  ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا ہے۔ ترجمان عسکری ونگ حماس کے مطابق اسرائیل کے پیدا کردہ حالات کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں ایک اور اسرائیلی مغوی ہلاک ہو گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ شمالی غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران ایک 21 سالہ اسرائیلی فوجی مارا گیا ہے۔ جبکہ قسام بریگیڈ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ غزہ شہر میں الشفا اسپتال کمپلیکس کے قریب 3 اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا گیا جس سے کئی قابض فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ حماس کی قید میں موجود ایک اسرائیلی دوا نہ ملنے اور غذا کی کمی کے باعث مرگیا ہے، حماس نے مغوی کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔ 34 سالہ بیگیو بوچھطاف خوراک اور ادویات کی کمی کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔

حماس نے مارچ کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ غزہ میں قید 7 مغوی اسرائیل کی جانب سے محصور علاقے پر بمباری کے نتیجے میں مارے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے جنوری کے شروع میں دعویٰ کیا تھا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں حماس کو منتشر کردیا گیا ہے، تاہم ایسا کچھ بھی دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھی حماس نے  الشفا کمپلیکس کا گھیراؤ کرنے والے اسرائیلی ٹینک پر راکٹ حملے کرکے انہیں تباہ کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp