پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے شیر افضل مروت کو فوکل پرسن کی ذمہ داریوں سے ہٹاتے ہوئے اپنی سوشل میڈیا ٹیم بھی ختم کرنے کی ہدایت کردی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے شیر افضل مروت اور عمیر نیازی کو اڈیالہ جیل میں ملاقاتیوں کے لیے نام دینے کی فہرست سے نکال دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے کور کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے ملاقاتیوں کے لیے نام دینے کی نئی فہرست دیدی ہے جس میں عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، علی ظفر اور بیرسٹر گوہر کو شامل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
وی نیوز کو ایک سے زیادہ ذرائع سے تصدیق ہوئی ہے کہ عمران خان نے شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی کے متوازی اپنی سوشل میڈیا ٹیم ختم کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں شیر افضل مروت اور عمیر نیازی پر شدید تنقید کی گئی تھی ۔ پارٹی رہنماؤں کا موقف تھا کہ مزکورہ دونوں رہنما عمران خان سے سب سے زیادہ ملاقاتیں کرتے ہیں تاہم عمران خان کا پیغام واضح انداز میں پارٹی تک نہیں پہنچتا۔
کور کمیٹی نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ شیر افضل مروت اور عمیر نیازی عمران خان سے ملاقات کرنے کے لیے فوکل پرسنز مقرر ہوئے جبکہ اس حوالے سے کور کمیٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے منگل کو اڈیالہ جیل میں بیرسٹر گوہر کو شیر افضل کو پیغام دینے کی ہدایات کی ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنا سوشل میڈیا ٹیم بند کریں اور پی ٹی آئی کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہی انحصار کیا جائے۔
دوسری جانب عمران خان نے جمعرات کو صرف سیاسی شخصیات سے ہی ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فوکل پرسنز کو جمعرات کو صرف اور صرف سیاسی لوگوں کے نام بھیجنے کی ہدایات کی ہیں۔