ماہِ صیام کی راتیں اور لڈو کی محفلیں، کوئٹہ میں رونقِ رمضان برقرار

جمعرات 4 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماہِ صیام اپنی رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ آخری عشرے میں داخل ہو چکا ہے۔ اس ماہِ مبارک میں جہاں لوگ عبادات کرکے اللہ کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں وہیں ملک بھر میں نوجوان رات کے وقت کرکٹ، فٹ بال سمیت دیگر انڈور گیمز کے ذریعے محفلوں کو رونق بخشتے ہیں۔

کوئٹہ میں بھی رمضان المبارک میں افطار کے بعد منچلے بڑی تعداد میں قہوہ خانوں کا رخ کرتے ہیں، جہاں دوستوں کے ہمراہ سحری تک چائے اور لڈو کی محفلیں سجتی ہیں۔

وی نیوز کو حسن بٹ نے بتایا کہ پورا سال مصروفیات کے پیش نظر دوستوں کے ساتھ بیٹھنے کا وقت نہیں ملتا نہ ہی محفلیں سج سکتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں موقع میسر آتا ہے تو رات کے وقت چائے کی چسکی اور لڈو کی بازی سے ذہن تازہ ہو جاتا ہے، اور یہ ایک بہترین یاد بھی بن جاتی ہے۔

دوسری جانب ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ ماہِ رمضان میں نوجوان بڑی تعداد میں قہوہ خانوں کا رخ کرتے ہیں۔ ’اس سے ہوٹل کی رونق بھی بڑھ جاتی ہے اور ہماری بھی اچھی کمائی ہوتی ہے۔ ماہ صیام کے دنوں میں عام دنوں کی نسبت دو گنا زیادہ چائے فروخت ہوتی ہے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp