پی ٹی آئی جلسے میں رخنہ بازی: سندھ ہائیکورٹ نے ایس ایس پی کراچی شرقی کو طلب کرلیا

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کو کراچی کے باغ جناح میں جلسہ کرنے کی اجازت نہ دیے جانے کے خلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے ایس ایس پی ایسٹ کو تفصیلی رپورٹ کے ساتھ 13 مئی کو طلب کرلیا۔

 

عدالت میں پیشی کے دوران ڈی سی ایسٹ نے عدالت کو بتایا کہ سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں اس لیے جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ جو حال ہی میں کراچی میں ایک جلسہ ہوا ہے پھر وہ کس طرح ہوا۔ اس پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ وہ جلسہ بغیر اجازت ہوا۔

اس پر چیف جسٹس نے پھر پوچھا کہ تو بغیر اجازت جلسہ کرنے پر انتظایہ میں کتنے افراد کو پکڑا اور کیا وہاں پولیس کی جانب سے کوئی کوئی لاٹھی چارج کیا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بڑی بڑے ریلیاں نکالی گئیں اور بڑی بڑی ہستیاں آکر چلی بھی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں پر اعتراض ہوتا ہے کہ ایسے حکم صادر کردیتے ہیں تو کیوں کہ کریں ایسے آرڈر، ہم اسی بات کی تنخواہ لیتے ہیں کہ قانون کے مطابق فیصلے کریں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے یہی عزت کمائی ہے اور اپنی عزت کی لاج رکھیں گے۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ سیکیورٹی کا معاملہ ہے، جلسہ کریں گے تو سیکیورٹی بھی دینی پڑے گی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ ایسا کررہے ہیں کہ آ بیل مجھے مار یہ بات مناسب نہیں ہے ایسے معاملات زیادہ دیر تک نہیں چلتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کچھ اور لوگ بھی ہیں جو ہمت کرکے آتے ہیں جلسہ کرکے چلے گئے۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ ہم اتنے سادہ بھی نہیں ہیں کہ سب کچھ دیکھ کر آنکھیں بند کرلیں۔، ہم ایس ایس پی کراچی ضلع شرقی کو طلب کرلیتے ہیں۔ اس طرح عدالت نے ایس ایس پی کو 13 مئی کو مکمل رپورٹ کے ساتھ عدالت میں حاضر ہونے کا حکم صادر کردیا۔

’آئین و قانون کا راستہ طویل ہوجاتا ہے، حلیم عادل شیخ

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے سندھ ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی آئین و قانون کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے وہ راستہ طویل ہوجاتا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی جلسہ کرنا چاہتی ہے لیکن 4 مرتبہ جلسے کی تاریخ تبدیل کرنی پڑی کیوں کہ ہر بار کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر جلسے سے روک جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزار قائد کی طرف ایک سیاسی جماعت جلسے کرکے چلی جاتی ہے اسے کچھ نہیں کہا جاتا، آئین نے ہمیں یہ حق دیا ہے کہ بطور سیاسی جماعت جلسہ کر سکتے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو جس پارٹی سے ڈر نہیں ہوتا اسے جلسہ کرنے کی اجازت دے دی جاتی ہے۔

’9 مئی کے ذمے داران کا تعین کیا جائے‘

حلیم عادل شیخ  نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی (جلاؤ گھیراؤ واقعات) کے اصل ذمہ داران کا فیصلہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ9  مئی کے واقعات کی تحقیقات ہونی چاہیے اور اس کے بعد کے مظالم کی بھی چھان بین کی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پر بھی ایک ہی وقت میں 10 مقامات پر گاڑیاں جلانے کا مقدمہ ہے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp