بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی رقوم بینک اکاؤنٹس میں براہ راست منتقلی کا فریم ورک جاری

پیر 8 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت رقوم وصول کرنے والوں کو آن بورڈ لانے کے لیے فریم ورک جاری کر دیا ہے تا کہ وہ سماجی بہبود کی ادائیگیاں اپنے اکاؤنٹس میں وصول کر سکیں۔

اکاؤنٹس ملک بھر کے تمام بینکوں اور مائیکروفنانس بینکوں میں کھولا جا سکے گا۔ یہ سہولت فریم ورک بی آئی ایس پی اور بینکوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

پیر کو مرکزی بینک کے مطابق فریم ورک کے تحت بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام میں شامل تقریباً 9.3 ملین افراد اپنے علاقے کے نامزد بینکوں کی برانچوں میں ایک بار جا کر ’بی آئی ایس پی سہولت اکاؤنٹ‘ کھول سکیں گے ۔

بی آئی ایس پی نے اپنے استفادہ کنندگان کے علاقوں میں بینک کی برانچوں کی نشاندہی کر لی ہے۔ تاہم ان افراد کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فریم ورک کا نفاذ مراحل میں کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر ایک پائلٹ مرحلہ کراچی اور لاہور میں شروع کیا جائے گا، جس کے تحت بی آئی ایس پی کے تقریباً 30ہزار استفادہ کنندگان کے اکاؤنٹس کھولے جائیں گے۔

فریم ورک کے دائرہ کار کو بی آئی ایس پی کی مشاورت سے دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی۔ توقع ہے کہ اس فریم ورک سے بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام میں شامل افراد کو مستعد اور شفاف انداز میں سماجی بہبود کی ادائیگیوں میں سہولت کے ساتھ خواتین کی مالی شمولیت کو بڑھانے اور مالی خدمات کی ڈجیٹائزیشن کے فروغ میں مدد ملے گی۔ تفصیلی فریم ورک لنک‏ https://www.sbp.org.pk/bprd/2024/C1.htmپر دستیاب ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp