تہران کے خلاف جارحانہ آپریشن کا حصہ نہیں بنیں گے، امریکا نے اسرائیل پر واضح کردیا

اتوار 14 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے حملے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے تہران کے خلاف جارحانہ آپریشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو بتایا ہے کہ واشنگٹن کسی جارحانہ آپریشن کا حصہ نہیں بنے گا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل پر کیے گئے ایران کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نہیں چاہتے صورتحال مزید گھمبیر ہو، تاہم اسرائیل کے دفاع کی سپورٹ اور خطے میں اتحادیوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری طرف ایران کی جانب سے کیے گئے حملے کے بعد امریکی وزیر دفاع لائیڈآسٹن نے اسرائیلی ہم منصب کو ٹیلیفونک رابطہ کرکے بتایا ہے کہ اگر اسرائیل کو جوابی کارروائی کرنی ہو تو پہلے ہمیں آگاہ کیا جائے۔

اِدھر وائٹ ہاؤس سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج نے گزشتہ ہفتے ہوائی جہاز اور بیلسٹک میزائل ڈیفنس ڈسٹرائرز کو خطے میں منتقل کیا تھا جن کے ذریعے ایران کی طرف سے فائر کیے گئے میزائل گرانے میں مدد ملی۔

واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل کو دمشق میں سفارتخانے پر کیے گئے حملے کا جواب دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp