سڈنی شاپنگ مال واقعہ، حملہ آور نے خواتین ہی کو کیوں نشانہ بنایا؟ تحقیقات شروع

پیر 15 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلوی پولیس نے کہا ہے کہ سڈنی کے شاپنگ سینٹر میں حملہ آور چاقو  بردار شخص کا اصل ہدف خواتین تھیں۔ اس حملے میں 6 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق، چاقو بردار شخص کے حملے میں مرنے والی خواتین میں 55 سالہ ڈیزائنر، 47 سالہ آرکیٹیکٹ، 27 سالہ چینی طالبہ، شیرخوار بچی کی ماں 38 سالہ خاتون اور ایک 25 سالہ مقامی خاتون شامل ہیں۔

نیو ساؤتھ ویلز اسٹیٹ کے پولیس کمشنر کیرن ویب نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ویڈیوز سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ آور جوئل کاؤچی کا ہدف خواتین تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آور نے جن 8 افراد کو زخمی کیا وہ تمام خواتین تھیں۔ زخمی ہونے والوں میں 9 ماہ کی بچی بھی شامل ہے جس کی ماں کو حملہ آور نے چاقو کے وار سے قتل کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس حملہ آور کے قریبی عزیزواقارب کے انٹرویو کررہی ہے تاکہ حملہ آور کی سوچ کے بارے میں پتہ چل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ دہشتگردی کا نہیں کیونکہ چاقو سے حملہ کرنے والا شخص ماضی میں ذہنی صحت کے مسائل کا شکار تھا۔

اس حملے میں مرنے والا واحد مرد 30 سالہ پاکستانی سیکیورٹی گارڈ فراز احمد طاہر ہے جس نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تھی۔  فراز احمد طاہرگزشتہ سال پاکستان سے ایک پناہ گزین کے طور پر ہجرت کر کے آسڑیلیا آئے تھے۔ انسانیت کو بچانے کو کوشش کرتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے پاکستانی سیکیورٹی گارڈ کی بہادری کا دنیا بھر میں اعتراف کیا جارہا ہے۔

پاکستانی سیکیورٹی گارڈ فراز احمد طاہر

واقعہ کے بعد آسٹریلوی حکومت نے ملک بھر میں آج سوگ کا اعلان کیا ہے جس کے بعد آج تمام سرکاری عمارتوں پر آسٹریلوی پرچم سرنگوں کیا گیا ہے۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانی نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اس حملے نے عام شہریوں کی بہادری کو اجاگر کیا ہے جنہوں نے اپنے ساتھی شہریوں کی مدد کے لیے خود کو نقصان پہنچنے کا خطرہ بھی مول لیا، یہ بہادری غیرمعمولی تھی۔

واضح رہے کہ ہفتے کو آسٹریلوی شہر سڈنی کے شاپنگ سینٹر میں ایک چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے 6 افراد کو جان سے مار دیا تھا۔ مرنے والوں میں 5 خواتین اور ایک پاکستانی مرد سیکیورٹی گارڈ شامل تھے۔

حملہ آور کو ہلاک کرنے والی انسپکٹر ایمی اسکاٹ

حملہ آور کو مقامی پولیس کی خاتون انسپکٹر ایمی اسکاٹ نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ انسپکٹر ایمی اسکاٹ کو آسٹریلیا میں ’ہیرو‘ قرار دیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp