خدا نہ کرے کہ کبھی آپ کی کوئی قیمتی شے گم یا چوری ہو، لیکن موبائل فون ایک ایسی چیز ہے جسے آپ ہر وقت اپنی جیب میں ڈالے یا ہاتھ میں تھامے رہتے ہیں اور اس کے کہیں کھو جانے یا چوری ہونے کا خدشہ بھی ہر وقت موجود رہتا ہے۔
مزید پڑھیں
پاکستان میں عام طور پر موبائل فون گم یا چوری ہوجائے تو آپ اس کی تھانے میں رپورٹ درج کراتے ہیں یا پی ٹی اے کو درخواست دیکر اسے بلاک کروا دیتے ہیں۔ گو کہ اپنے قیمتی موبائل فون کو تلاش کرنے کی آپ خود بھی بہت کوشش کرتے ہیں لیکن اس کے ملنے کے امکانات اکثر زیادہ روشن نہیں ہوتے۔
تاہم، ایک طریقہ ہے جس کی مدد سے آپ اپنے چوری ہونے والے یا گمشدہ موبائل کو ڈھونڈ سکتے ہیں۔ جی ہاں! آپ گوگل کی مدد سے اپنے گمشدہ یا چوری ہونے والے موبائل کو تلاش کرسکتے ہیں۔
یہی نہیں، اگر آپ نے اپنے موبائل فون میں پاس ورڈ نہ لگایا ہو اور وہ کہیں گم ہوجائے۔ جس کے بعد آپ کو یہ خدشہ بھی ہو کہ کہیں کوئی اس فون میں سے آپ کا ڈیٹا نہ نکال لے تو اس صورت میں بھی آپ گوگل کی مدد سے اس موبائل فون کو لاک لگا سکتے ہیں۔
گوگل لنک کی مدد سے اپنا فون تلاش کریں
اپنے فون کو تلاش کرنے اور اس کا ڈیٹا محفوظ بنانے کے لیے آپ اس لنک پر کلک کریں: google.com/android/find
اور وہاں پر اپنا وہ جی میل اکاؤنٹ اور پاس ورڈ درج کریں جو آپ کے موبائل فون میں محفوظ ہے۔
دور بیٹھے اپنا فون آپریٹ کریں
اب آپ کے سامنے ایک اسکرین نمودار ہوگی جہاں آپ اپنے موبائل کی لوکیشن دیکھنے کے علاوہ اپنے موبائل کی بیٹری بھی دیکھ سکتے ہیں کہ آپ اس حساب سے اپنے موبائل کو آپریٹ کرسکیں۔
اگر آپ موبائل فون کہیں رکھ کر بھول گئے ہیں اور وہ ’سائلنٹ‘ موڈ میں ہے تو آپ ’Play Sound‘ پر کلک کرکے اپنے موبائل کی رنگ ٹون کو سن سکتے ہیں۔
فون لاک لگائیں
اس کے علاوہ یہاں پر ’Secure Device‘ کا فیچر بھی دستیاب ہے جس پر جاکر آپ اپنے موبائل فون کو لاک لگا سکتے ہیں یا اس کے ذریعے کوئی پیغام بھی بھیج سکتے ہیں۔
اگر موبائل ملنے کے امکانات ختم ہوجائیں تو اس صورت میں آپ ’Factory Reset Device‘ کا فیچر استعمال کرکے اپنے موبائل فون کو مکمل ری سیٹ کرسکتے ہیں جس کے بعد موبائل فون میں موجود تمام ڈیٹا مکمل طور پر ڈیلیٹ ہو جائے گا۔