آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ایک چرچ میں دوران خطاب پادری پر ایک شخص نے چاقو سے حملہ کیا لیکن معجزاتی طور پر پادری اس حملے میں محفوظ رہے۔ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد معلوم ہوا کہ جب حملہ آور پادری پر چاقو سے وار کرنے لگا تو چاقو بروقت کھل نہیں سکا، جس کی وجہ سے پادری معجزاتی طور پر بچ نکلے۔
Bishop Mar Mari Emmanuel stabbed multiple times in Sydney’s west during mass!!! Here he was speaking about his trip to the Gaza strip💔
Prayers for a fast recovery✝️
pic.twitter.com/440qPOHVak— Dr. Anastasia Maria Loupis (@DrLoupis) April 15, 2024
بشپ میری ایمانویل اپنی متعدد ویڈیوز میں اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کی مخالفت کرتے رہے ہیں، انہوں نے اپنی ویڈیوز میں بار بار پوپ فرانسس سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو خط لکھا جائے کہ فلسطین پر غیر قانونی قبضہ اور جارحیت بند کی جائے۔
مزید پڑھیں
گزشتہ روز بھی بشپ میری ایمانویل اسی موضوع پر خطاب کر رہے تھے کہ ہال میں موجود ایک شخص ان کی طرف لپکا اور چاقو کے پے در پے وار کردیے، خوش قسمتی یا معجزہ ہی سمجھا جائے کہ چاقو کی نوک بروقت کھل نہ سکی جس کی وجہ سے حملہ آور کے وار رائیگاں ہوئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق بشپ میری ایمانویل کرسٹ گڈشیفرڈ چرچ میں وعظ میں مصروف تھے اورغزہ میں صیہونی مظالم کے خلاف بات کررہے تھے کہ ان پر حملہ ہوا اس حملے میں 4 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی تھی۔
پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ افسران نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے، اور وہ تحقیقات میں پولیس سے تعاون بھی کر رہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ افراد کے زخمیوں کی نوعیت بہت سنگین نہیں ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واضح رہے ہفتے کے روز بھی سڈنی کے ایک شاپنگ سینٹر میں چاقو سے ہونے والے حملے میں 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے، واقعے کے بعد پولیس کی فائرنگ سے ملزم ہلاک ہوگیا تھا۔