بارش کا پہلا اسپیل ختم دوسرا انٹری دینے کو تیار ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔ رواں ہفتے کہیں ہلکی تو کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
بارش کا ایک اسپیل ختم ہوتے ہی محکمہ موسمیات نے بارش کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔ رواں ہفتے وقفے وقفے سے آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشیں متوقع ہیں۔
مزید پڑھیں
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ آج بلوچستان میں داخل ہو رہا ہے جو 18 اپریل کو ملک کے بالائی علاقوں تک پھیل جائے گا۔ اسلام آباد سمیت، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، پنجاب اور سندھ میں بادل اپنا رنگ دکھائیں گے۔ محکمہ موسمیات نےموسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
حالیہ موسلادھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقے اور شاہرائیں متاثر ہوئیں۔ وادی نیلم میں کٹن کے مقام پر نالہ میں طغیانی نے 2 افراد کی جان لے لی اور ایک بچہ لاپتا ہوگیا تھا۔ وادی نیلم اور کوٹلی ستیاں میں جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ سے امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا، ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔
سڑکوں کی بحالی کے لیے بھاری مشینری سے کام جاری ہے۔ ایک مکان کو نقصان بھی پہنچا جبکہ بجلی اور ٹیلی فون سمیت مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔ آیبٹ آباد اور گلیات سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مقامی ندی نالے بپھر گئے، سیاحوں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔