ہمالیائی حطے میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کم ازکم 14 افراد جاں بحق، اتنے ہی زخمی ہوئے ہیں جبکہ کم ازکم 18 افراد لاپتا ہیں۔ جاں بحق اور لاپتا ہونے والوں میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔
مزید پڑھیں
آزاد کشمیر میں حکام کے مطابق حالیہ بارش کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 3 مرد، 4 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 4 مرد، 2 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حکام کا کہنا ہے کہ 47 مکانوں کو نقصان پہنچا ہے جس کے نتجے میں درجنوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ 10 مکان مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ 37 مکانوں کو جزوی طور پرنقصان پہنچا ہے۔
نیلم میں خاتون بچوں سمیت نالے میں بہہ گئی
آزاد کشمیرمیں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے ( ایس ڈی ایم اے ) کے ترجمان اختر ایوب نے بتایا کہ وادی نیلم کے علاقے کٹن ڈوگیا کی 35 سالہ سفیدہ بی بی اپنے ایک 10 سال کے بیٹے فیضان احمد اور 5 سال کی بیٹی ادیبہ کے ہمراہ جاگران نالے میں بہہ گئی تھیں۔ ان کا کہنا ہے ان کے بیٹے کوزندہ نکال لیا گیا جن کو علاج کے لیے فوجی اسپتال جھمبر میں منتقل کیا گیا جبکہ ان کی بیٹی ابھی تک لاپتا ہے۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق وادی نیلم میں لکڑی کا ایک پل مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جب کہ ایک گرلز ہائی سکول کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
ایس ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کی گئیں تفصیلات
ایس ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث ضلع مظفرآباد میں 4 افراد زخمی ہوئے جن میں 3 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جبکہ 2 مکان تباہ ہوئے اور 3 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
ضلع باغ ایک شخص زخمی، 22 مکان جزوی طور پر تباہ
ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلع باغ میں ایک شخص زخمی ہواجبکہ 22 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچاہے۔ اسی طرح قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق ضلع سدھنوتی میں 4 مکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جبکہ بکریوں کے لیے تعمیر کے گئی رہائش کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ضلع پونچھ میں 7 گھر مکمل تباہ
ضلع پونچھ میں ایس ڈی ایم کے حکام کے مطابق 7 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 6 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے اور ضلع جہلم ویلی میں 2 مکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
حکام کا کہنا میرپور میں حالیہ بارشوں سے 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
مظفرآباد کے ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے نوسیری میں تعمیر کیے گئے انٹیک ڈیم سے دریائے نیلم میں معمول سے زیادہ پانی چھوڑا گیا تاکہ اضافی پانی کے باعث ڈیم کو نقصان نہ پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دریا کے گدھلے پانی کی وجہ سے مظفرآباد ماکڑی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا آپریشن عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریائے نیلم کے پانی میں مٹی کی مقدار کم ہوتے ہی دوبارہ پانی صاف کرنے کا کام شروع کر دیا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف پانی دیا جا سکے۔
سرینگر گاندربل میں کشتی کے حادثے میں 5 افراد جاں بحق
ادھر لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب سرینگر کے قریب گاندربل کے مقام میں دریائے جہلم میں کشتی ڈوب جانے کے وجہ سے ایک عورت، 2 بچوں سمیت 5 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں جن کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ وہاں کے اخبارات کے مطابق 17 افراد اب بھی لاپتا ہیں جن میں زیادہ تر بچے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ بچے اور ملازمین اسکولوں اور دفتروں میں جانے کے لیے اسی کشتی کا استعمال کرتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ پل نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکام سے کئی بار مطالبہ کیا گیا کہ یہاں پل تعمیر کیا جائے لیکن انہوں نے اس طرف توجہ نہیں دی۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعرات اور جمعہ کو آزاد کشمیر بھر میں مزید شدید بارش کا امکان ہے۔