بلوچستان میں بارشوں کو دوسرا اسپیل، مکران ڈویژن سب سے زیادہ متاثر

جمعرات 18 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بے رحم بارشوں نے بلو چستان میں ایک بار پھر تباہی مچا دی، 2 روز قبل مغربی ہواؤں سے داخل ہونے والا سسٹم کوئٹہ سمیت صوبے کے شمالی و مغر بی اضلاع میں وقتاً فوقتاً کہیں ہلکی تو کہیں مو سلا دھار بارش بر سا رہا ہے۔

حالیہ بارشوں نے صوبے میں جہاں نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے وہیں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مختلف حادثات میں 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 20 سے زیادہ زخمی ہو ئے ہیں۔ طوفا نی بارشوں نے سینکڑوں مکانات، قومی شاہراہوں اور سرکا ری املاک کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ اسپیل میں سب سے زیا دہ بارش مکران ڈویژن میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہاں گوادر میں اب تک 80 ملی میٹر بار ش ریکارڈ کی گئی۔

ضلع گوادر کے رہائشی صداقت بلوچ نے وی نیوز سے بات کر تے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز سے بارش کا پانی سیلا ب کی شکل میں شہر میں داخل ہوا جس کے بعد گوادر مکمل طور پرپانی میں ڈوب گیا، لوگ جان بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر محصور ہوگئے تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر سے پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔

مکران ڈویژن کے ایک اور بڑے شہر نو شکی میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں کے باعث نشیبی علا قے زیر آب آگئے ہیں جبکہ سینکڑوں کچے مکانات بھی منہدم ہو ئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق یہاں 6 افراد زخمی ہوچکے ہیں، زخمی ہونے والوں میں 4 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔

متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کی مکمل کوشش کی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر نوشکی

ڈپٹی کمشنر نوشکی حبیب اللہ موسیٰ کے مطابق سیلا ب کا پانی افغانستان کے راستے نو شکی میں داخل ہورہا ہے جس کے باعث نوشکی کے نواحی علاقوں کا زمینی راستہ شہر سے منقطع ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ریلیف کا سامان نوشکی پہنچا دیا گیا ہے جو جلد ہی متاثرین کو فراہم کردیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی مکمل کوشش کررہی ہے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ سیلاب میں پھنسے لوگوں کو جلد ریسکیو کرلیں گے۔

طوفانی بارشوں کی وجہ سے مکران کوسٹل ہائی وے پر 2 پلوں کو نقصان

پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں کے سبب مکران کوسٹل ہائی وے پر موجود 2 پلوں کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے کراچی قومی شاہراہ پر آمدورفت متاثر ہوئی ہے، ٹریفک کو متبادل راستوں سے بحال کر نے کے لیے کام جاری ہے۔

دوسری جانب حالیہ بارشوں نے صوبے کے شما لی اضلاع کو بھی شدید متاثرہ کیا ہے، کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں سیلابی پانی کئی مکانات کو اپنے ساتھ بہا کر لے گیا تاہم چند روز قبل بارشوں کے باعث بہہ جانے والے چچمہ اچوزئی پل کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بحال کردیا گیا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بارشوں کے باعث ہرنائی سبی ریلوے ٹریک سیلاب سے متاثر ہوا جس کے باعث ہرنائی سبی ٹریک پر آمدورفت معطل ہے، محکمہ ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے جلد کام شروع کررہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp