امریکا نے پاکستان کی جانب سے معیشت کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قرضوں کے بوجھ سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے پیشرفت کررہا ہے، اتنے مشکل حالات میں قرضوں کے بوجھ کو سنبھالنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
ترجمان میتھیو ملر نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے اور اس ضمن میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے۔
میتھیو ملر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری پر مبنی اچھے تعلقات ہیں جو کہ آئندہ بھی جاری رہیں گے، ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات کو وسعت مل رہی ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت اپنے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل سکتے ہیں، دونوں ملکوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کریں۔
دوسری جانب میتھیو ملر نے ایران اور اسرائیل کے معاملے پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر حملے سے قبل امریکا سے کوئی بات نہیں کی، ایران سراسر غلط بیانی کررہا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان رابطہ ضرور ہوسکتا ہے لیکن ایران نے حملے سے متعلق آگاہ نہیں کیا۔