انجینیئر حافظ نعیم الرحمان کے امیر جماعت اسلامی پاکستان بننے کے بعد کراچی کا امیر کون ہو گا؟

جمعہ 19 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے متحرک سابق امیر جماعت اسلامی انجینیئر حافظ نعیم الرحمان کا امیر جماعت اسلامی پاکستان بننے کے بعد یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ کراچی کا اگلا امیر کون ہوگا؟۔

مزید پڑھیں

کراچی میں اس بحث کی وجہ یہ بھی ہے کہ جماعت اسلامی کراچی عوامی مسائل پر متحرک دکھائی دیتی ہے اور سابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کراچی میں جماعت اسلامی کو متحرک کرنے میں کامیاب دیکھائی دیے جس کا عملی نمونہ حال ہی میں ہونے والے عام انتخابات تھے۔

اسمبلی نشستوں کے اعتبار سے تو جماعت اسلامی متاثر کن کردار ادا نہیں کرسکی لیکن اتنا پیغام ضرور دیا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا ووٹ بینک موجود ہے۔

اس وقت جماعت اسلامی کراچی کی قیادت کس کے پاس ہے؟

جماعت اسلامی کا تنظیمی سیٹ اپ امارت کے حوالے سے واضح ہے کہ ہر امیر کا ایک نائب امیر ضرور ہوتا ہے اور نائب امیر دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ یہ ذمہ داری بھی بوقت ضرورت خوب نبھاتا ہے۔

جماعت اسلامی کا امیر جب ملک سے باہر ہو یا کسی عذر کی وجہ سے اپنے فرائض نہ نبھا سکتا ہو تو نائب امیر یا کوئی اور عہدیدار بھی قائم مقام امیر بن جاتا ہے۔اسی فارمولے کے تحت اس وقت کراچی میں حافظ نعیم الرحمان کے امیر منتخب ہونے کے بعد نائب امیر جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد قائم مقام امیر جماعت اسلامی ہیں۔

ڈائریکٹر سوشل میڈیا جماعت اسلامی پاکستان شمس الدین امجد نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب کوئی فرد ذمہ داری پر نہ رہے، بیرون ملک یا کسی دوسرے شہر چلا جائے تو وہ اپنی جگہ قائم مقام مقرر کر سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر امیر کی ذمہ داری لگی ہے جیسے حافظ نعیم الرحمان مرکزی امیر بن گئے ہیں تو وہ قائم مقام امیر کا تقرر کر سکتے ہیں جو کہ کر دیا گیا ہے۔

نئے امیر جماعت اسلامی کا انتخاب کیسے ہوگا؟

نئے امیر کے انتخاب کے حوالے سے شمس الدین امجد نے وی نیوز کو بتایا کہ امیر جماعت اسلامی کراچی کے لیے اب جماعت اسلامی کراچی کی شوریٰ کا اجلاس ہوگا، جس میں شوریٰ 3 نام پیش کرے گی اور وہ 3 نام کراچی کے ارکان جماعت اسلامی کو بیلٹ کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔

ارکان جماعت چاہیں تو  ان 3 میں سے کسی ایک کو یا ان کے علاوہ کسی بھی رکن جماعت کو ووٹ دے سکتے ہیں، یہ عمل مکمل ہوگا تو نئے امیر کراچی کا اعلان کر دیا جائے گا۔

کیا اب تک کوئی امیدوار سامنے آیا؟

شمس الدین امجد سے پوچھا گیا کہ کیا اب تک کراچی کے امیر کے لیے کوئی اُمیدوار سامنے آیا ہے تو انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی میں کوئی امیدوار نہیں ہوتا، کوئی امیدوار بننے کی کوشش کرے تو وہ نا اہل ہو جاتا ہے، دستوری طور پر اور نا ہی کوئی کسی کے حق میں یا مخالفت میں مہم چلا سکتا ہے، ارکان جماعت آزادانہ  رائے سے اپنا انتخاب کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کے لیے کون سے نام زیر گردش ہیں؟

جماعت اسلامی کا جیسا کہ طریقہ کار ہے کہ کوئی کسی امیدوار کے خلاف یا حق میں مہم نہیں چلا سکتا اسی وجہ سے جماعت اسلامی کے ارکان شوریٰ کی جانب سے 3 ناموں کا انتظار کر رہے ہیں جو اب تک سامنے نہیں آئے لیکن 4 نام زیر گردش ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ، کے امیر جماعت اسلامی کراچی بننے کے امکانات زیادہ ہیں جبکہ سابق ایم پی عبدالرشید، صدر پبلک ایڈ کمیٹ ایڈوکیٹ سیف الدین اور فاروق نعمت اللہ کے نام بھی زیر گردش ہیں، ذرائع کے مطابق ان چار ناموں میں سے کوئی ایک امیر جماعت اسلامی کراچی منتخب ہو سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp