19 مارچ 2003، امریکی حملے کے 20 سال بعد کا عراق

اتوار 19 مارچ 2023
author image

عرفان بلوچ

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

“ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ محفوظ ہو جائے”، جارج بش کا یہ حفاظتی بیان دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی تھا۔ مگر دنیا دہشت گردی کے نام پر ایک طویل جنگ دیکھنے والی ہے، شاید کسی نے سوچا نہ تھا۔

کہانی کی شروعات کچھ اس طرح ہوئیں کہ جب نائن الیون کے بعد امریکہ خود کو محفوظ کرنے کے مشن پر نکلا تو افغانستان کے بعد اس کا دوسرا نشانہ عراق تھا۔ اپنے دفتر سے صدر بش نے بیان جاری کیا کہ دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ عراق کو خطرناک ہتھیاروں سے پاک کیا جائے۔ بس پھر کیا تھا صدام کو اقتدار سے ہٹا نے اور عراق کو خطرناک ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے امریکہ نے آٹھ سال تک عراق پر جنگ مسلط کیے رکھی۔

مگر امریکہ کو صدام کے وہ خطرناک کیمیائی ہتھیار نہ ملے اوران آٹھ سالوں میں عراقی عوام نے جو عذاب جھیلا سو جھیلا،مگر بات اب اس جنگ کے بعد عراق میں مسلسل سیاسی اور معاشی بدحالی کی ہے ،جس کے نتیجے میں عراق کی کئی نسلیں  تباہ ہو چکی ہیں۔ آج عراق پر امریکی مسلط کردہ جنگ کو بیس سال ہو رہے ہیں۔اس دوران عراق نے کیا کچھ دیکھا ، اس پر بات کرتے ہیں۔

عراقی حملے سے قبل امریکی الزامات

19مارچ 2003 میں امریکہ کی طرف سے عراق پر حملہ کئی عوامل پر مبنی تھا، بشمول یہ الزامات کہ صدام حسین کی حکومت کے پاس بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے
.والے ہتھیار (ویپن آف ماس ڈسٹرکشن) تھے اور یہ کہ عراقی حکومت القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کے درمیان روابط رکھے ہوئے تھی

بش انتظامیہ نے یہ بھی دلیل دی کہ یہ حملہ مشرق وسطیٰ میں جمہوریت اور انسانی حقوق کو فروغ دینے اور ایک آمر کے خاتمے کے لیے ضروری تھا جو خطے کے استحکام کے لیے خطرہ تھا۔تاہم حملے کے بعد پتہ چلا کہ عراق میں کوئی بھی بڑے پیمانے پر تباہی کے ہتھیار نہیں تھے۔جب کہ عراق اور القاعدہ کے درمیان روابط کے ثبوت  بھی متنازع نکلے۔ عراق میں جنگ متنازع تھی اور اس کے نتیجے میں لاتعداد افراد ہلاک ہوئے، جن میں بہت سے عام شہری بھی شامل تھے۔ ساتھ ہی ملک طویل عرصے تک عدم استحکام کا شکار بھی ہوا۔

امریکی حملے کے بعد عراقی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا اور بالآخر اس کے رہنما صدام حسین کی گرفتاری اور اسے پھانسی دے دی گئی۔ صدام  کے بعد امریکی قیادت والی اتحادی افواج اور نئی تشکیل شدہ عراقی حکومت کے خلاف ایک طویل اور پرتشدد بغاوت کا آغاز ہوا۔ اس بغاوت میں زیادہ کردار شیعہ سیاست دانوں نے ادا کیا۔جبکہ شیعہ اور سنی آبادیوں کے درمیان فرقہ وارانہ کشیدگی کے ساتھ ساتھ غیر ملکی جنگجوؤں اور القاعدہ جیسے دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کی وجہ سے پرتشدد کاروائیوں میں اضافہ ہوا۔

2007 میں، امریکہ نے عراقی جنگ کے لیے بجٹ کو بڑھایا ، جس میں عراق میں اضافی فوجی بھیجنا شامل تھا، تاکہ حالات کو مستحکم کرنے کی کوشش کی جا سکے۔ یہ حکمت عملی ابتدائی طور پر کامیاب رہی اور عراق میں پر تشدد واقعات میں کچھ کمی بھی ہوئی۔

تاہم پُرتشدد کاروائیوں میں کمی کے باوجود، عراق کی سیاسی صورت حال خراب رہی ۔ 2011 میں امریکی افواج کے انخلاء سے عراق میں غیر ملکی مداخلت میں کمی ہوئی، لیکن ملک میں تشدد اور عدم استحکام برقرار رہا۔

حالیہ برسوں میں، عراق نے سیاسی بدامنی، اقتصادی چیلنجوں، اور داعش جیسے شدت پسند گروہوں کے جاری تشدد کے خلاف جدوجہد جاری رکھی ہے۔

امریکی انخلا ءکےبعد عراق کی سیاسی صورتحال

عراق سے امریکی انخلاء نے ملک میں کئی سیاسی بحرانوں کو جنم دیا۔ یہ بحران بنیادی طور پر اقتدار کی تقسیم کے معاہدوں اور عراق کی سنی اور شیعہ مسلم آبادی کے درمیان فرقہ وارانہ کشیدگی کے گرد مرکوز تھے۔اہم سیاسی بحرانوں میں سے ایک ملک میں مختلف سیاسی دھڑوں کے درمیان اقتدار کی تقسیم پر اختلاف تھا۔

امریکی انخلاء کے بعد، اقتدار کے لیے طاقت کا خلا پیدا ہوا جس کی وجہ سے مختلف سیاسی گروہوں بشمول شیعہ، سنی اور کرد دھڑوں کے درمیان سیاسی عدم استحکام اور آپس میں لڑائی شروع ہوئی۔ ایک اور بحران عراق کی سنی اور شیعہ آبادی کے درمیان جاری فرقہ وارانہ کشیدگی تھا۔ اس کشیدگی میں پڑوسی ملک شام میں خانہ جنگی کے ساتھ ساتھ داعش کے عروج کی وجہ سے اضافہ ہوا ، جس نے سنی اور شیعہ دونوں برادریوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ان اندرونی بحرانوں کے علاوہ عراق کو پڑوسی ممالک کے بیرونی دباؤ کا سامنابھی رہا  جن کے  اپنے اپنے مفادات ہیں۔

مجموعی طور پر عراق سیاسی اور معاشی استحکام سے محروم رہا ہے۔ ان چیلنجز کے باوجود حالیہ برسوں میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، جس میں 2018 میں داعش کی شکست اور نئی حکومت کا قیام شامل ہے۔

امریکی انخلا ءکےبعد عراق کی معاشی صورتحال

عراق کی معیشت کئی دہائیوں کے تنازعات اور پابندیوں کے ساتھ ساتھ حالیہ برسوں میں تیل کی عالمی قیمتوں میں گراوٹ سے بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ ملک کی معیشت تیل کی برآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے، جو کہ حکومتی محصولات کا 90 فیصد سے زیادہ ہے۔سال 2020 میں کویڈ-19 اور تیل کی طلب میں کمی کی وجہ سے عراق کی معیشت تقریباً 11 فیصد سکڑ گئی۔ حالیہ برسوں میں ملک کے قرضوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو 2020 میں تقریباً 80 بلین ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔

اقتصادی چیلنجز کے علاوہ عراق کو داعش جیسے شدت پسند گروپس کی جانب سے سیکورٹی خطرات کا سامنا ہےجو ملک کے بعض علاقوں میں حملے اور اپنی موجودگی برقرار رکھے ہوئے  ہیں۔ اس دہشت گرد تنظیم نے ملک میں جاری عدم استحکام اپنا حصہ ڈالا ہے۔حکومت نے ان معاملات سے نمٹنے کے لیے کچھ اقدامات کیے ہیں، جن میں اقتصادی اور سیکیورٹی اصلاحات شامل ہیں,تاہم یہ پیش رفت سست رہی ہے۔ 2023 میں عراق کو اپنی معیشت کی تعمیر نو اور بڑے سیاسی و سلامتی مسائل کا سامنا ہے۔

امریکی انخلا کے بعد عراق میں امن و امان

امریکی حملے کے بعد سے عراق میں مرنے والے لوگوں کی صحیح تعداد کا تعین کرنا مشکل ہے۔ اکثر لگائے گئے تخمینوں کے پیمانے مختلف ہوتے ہیں اور قابل اعتماد ڈیٹا بہت کم ہے۔

بہرحال زیادہ تر تخمینے اس بات پر متفق ہیں کہ جنگ کے نتیجے میں لاکھوں افراد مارے گئے ہیں، جن میں عام شہری، فوجی اور باغی شامل ہیں ۔2006 میں لانسیٹ میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، 2003 اور 2006 کے وسط میں عراق میں حملے کے دوران ایک اندازے کے مطابق6 لاکھ 54 ہزار965 اضافی اموات ہوئیں۔ دیگر تخمینے لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ سے لے کر 1 ملین تک ہیں۔

یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ یہ محض تخمینے ہیں اور تصادم ،افراتفری اور غیر متوقع نوعیت کی اموات سے ہلاکتوں کی صحیح تعداد کا تعین کرنا مشکل ہے۔ مزید برآں، جنگ کے نتیجے میں شروع ہونے والے تشدد اور عدم استحکام سے لوگ آج بھی مر رہے ہیں۔

عراق میں ہونے والے خودکش حملے

2003 میں عراق پر امریکی حملے کے بعد سے اب تک متعدد خودکش دھماکے ہو چکے ہیں جن میں عراقی شہریوں، فوجی اہلکاروں اور سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ عراق میں خودکش بم دھماکوں کی تعداد زیادہ رہی ہے اور ان حملوں کے نتیجے میں کافی تعداد میں ہلاکتیں اور زخمی ہوئے ہیں۔

عراق میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد کا پتہ لگانے والے عراق باڈی کاؤنٹ پراجیکٹ کے مطابق 2003 سے 2021 کے درمیان عراق میں 2 ہزار سے زائد خودکش دھماکے ہوئے ۔ ان بم دھماکوں کے نتیجے میں 30 ہزار سے زیادہ شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ۔

یہ بات قابل غور ہے کہ یہ اعداد و شمار صرف عام شہریوں کی ہلاکتوں کے لیے ہیں اور ان میں فوجی یا باغیوں کی ہلاکتیں شامل نہیں ہیں۔یہ خودکش حملے عراق میں القاعدہ اور دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) سمیت مختلف گروہوں کی جانب سے کیے گئے ہیں۔ ان گروہوں نے افراتفری پھیلانے، خوف پھیلانے اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے خودکش حملوں کو ایک حربے کے طور پر استعمال کیا ہے۔

عراق کی موجودہ سیاسی صورتحال

مختلف سیاسی دھڑوں کے درمیان اقتدار کی تقسیم اور نمائندگی پر جاری تنازعات کے ساتھ، عراق کی سیاسی صورتحال بدستور نازک اور چیلنجنگ ہے۔

۔ اکتوبر 2018 میں پارلیمانی انتخابات کے بعد، سیاسی دھڑوں کے درمیان اختلافات کی وجہ سے نئی حکومت کی تشکیل میں تاخیر ہوئی۔ مئی 2020 میں مصطفی الکاظمی کو وزیر اعظم کے طور پر مقرر کیا گیا اور ایک نئی حکومت کی تشکیل ہوئی۔ لیکن وہ ملک کے سیاسی اور اقتصادی مسائل سے نمٹنے میں ناکام رہے۔ اگر ہم عراق کی سیاسی تاریخ پر ایک نظر ڈالیں تو نظام حکومت میں وزیراعظم اصل میں ایک مقررہ دفتر، سربراہ مملکت کا ذیلی ادارہ، اور عراقی پارلیمنٹ کا برائے نام رہنما ہوتا ہے۔

2005 کے آئین کے تحت وزیر اعظم ملک کی فعال ایگزیکٹو اتھارٹی ہے۔ نوری المالکی (سابقہ جواد المالکی) کو 21 اپریل 2006 کو وزیر اعظم کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔14 اگست 2014 کو المالکی نے حیدر العبادی کے لیے وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑنے پر اتفاق کیا۔ 25 اکتوبر 2018 کو عادل عبدالمہدی نے انتخابات کے پانچ ماہ بعداپنے عہدے کا حلف اٹھایا جو  2019 میں اپنے استعفیٰ تک عہدے پر برقرار رہے۔ سیاسی تنازعہ کی بعد انہیں ایک بار پھر سے نگران وزیر اعظم کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ عبدالمہدی کی جگہ مصطفیٰ الکاظمی نے لے لی، جسے 7 مئی 2020 کو پارلیمنٹ نے منظور کیا تھا۔ 2021 کے عراقی پارلیمانی انتخابات کے بعد الکاظمی کی جگہ السوڈانی نے لے لی ہےجو کہ موجودہ عراقی وزیراعظم ہیں۔

صدام پر ظلم و ستم کا الزام لگا کر امریکہ نے عراق پر جنگ مسلط کی مگر صدام کے بعد قتل و غارت اور تشدد میں بے پناہ اضافہ ہوا ۔ امریکی فوج اور اس کے تھنک ٹینکس کے ایک جھوٹ نے پورے خطے کو جنگ کی آگ میں دھکیل دیا۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنا خون عراقیوں کا بہا، اتنا نقصان گنتی کی چند اقوام نے ہی اٹھایا ہے۔

اب بدلے ہوئے حالات کے تناظر میں سعودیہ اور ایران نے اپنے تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔ لیکن ان دونوں ملکوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مڈل ایسٹ میں قیام امن کے لیے کام کریں۔ خاص طور پر عراق اور شام میں ایک مستحکم حکومت کا قیام تاکہ خطے میں دیرپا ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

بلاگر: عرفان بلوچ

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp