’بابر اعظم کبھی نہیں سیکھیں گے‘ کپتان ایک بار پھر تنقید کی زد میں کیوں؟

پیر 22 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ درمیانی اوورز کے دوران سست رن ریٹ سے زیادہ فرق پڑا ہے کیونکہ ہم تقریباً ہدف کے پاس تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ ہم 10 رنز کم تھے۔ بدقسمتی سے ہمیں رضوان کی انجری کے ساتھ تھوڑا سا دھچکا لگا کیونکہ یہ نئے بلے بازوں کے لیے آسان نہیں تھا۔ میرے خیال میں شاداب اچھی طرح کھیلے اور عرفان کے ساتھ شاندار شراکت داری کی۔ پنڈی میں 180 سے 190 اچھا سکور ہے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بیٹنگ میں ہم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بابر اعظم کے بیان کو صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ صحافی سمیع چوہدری لکھتے ہیں کہ اپنی غلطیوں سے سیکھنا واقعی کتنا مشکل ہے؟ بابر اعظم کی جانب سے انتہائی ناقص دلیل دی گئی ہے انہوں نے ہار کا ذمہ دار باؤلرز کو ٹھہرایا۔

ایک صارف نے لکھا کہ بابر اعظم سالوں سے پاکستانی کرکٹ کو صرف تباہ کر رہے ہیں۔

حسن زاہد نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ہم 5 سالوں سے یہی سن رہے ہیں کہ ہم صرف 10 سے 20 رنز دور تھے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ بابر اعظم کبھی نہیں سیکھیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی جبکہ نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ سیریز میں دو میچز باقی ہیں۔ میچز 25 اور 27 اپریل کو قذافی سٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp