ایران کا حملہ: اسرائیلی دفاعی نظام ناکام اور متعدد حساس تنصیبات کو نقصان پہنچا، برطانوی میڈیا کی تصدیق

منگل 23 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دمشق میں اپنے سفارتخانے پر حملے کے جواب میں ایران نے 13 اپریل کی صبح اپنے آپریشن ’وعدہ صادق‘ کے تحت اسرائیل پر تقریباً 300 میزائل اور خودکش ڈرونز سے حملہ کیا، جس پر دونوں ممالک نے متضاد دعوے کیے، ایران نے اسے کامیابی سے تعبیر کیا جبکہ اسرائیل نے ایرانی حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا۔

ایران کے اعلیٰ فوجی قیادت کے مطابق انہوں نے اسرائیل پر اپنے حملے کو محدود رکھتے ہوئے اسرائیلی آبادی اور تجارتی مراکز سے گریز کرتے ہوئے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا، اس ایرانی حملے کے جواب میں اسرائیل نے 19 اپریل کو ایک جوابی کارروائی میں ایران پر میزائل داغے جس سے ممکنہ نقصان کی تفصیل ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہیں۔

بی بی سی نے اپنی ایک رپورٹ میں ایرانی حملے میں ہونے والے نقصان کو سمجھنے کے لیے سیٹلائٹ تصاویر، ویڈیوز، تصاویر اور فوجی عہدیداروں کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد اسرائیل کے بعض اہم مقامات تک ایرانی حملے کے باعث نقصان کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایران کے 99 فیصد میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے نواتیم ایئر بیس کو معمولی نقصان پہنچنے کا اعتراف کیا لیکن اسرائیلی نیوکلیئر پلانٹ سے 20 کلومیٹر دور واقع اس ہوائی اڈے پر کئی تبدیلیوں کے اثرات واضح ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی میزائل اسرائیل کے کثیر الجہتی فضائی دفاعی نظام کو توڑتے ہوئے اپنے ہدف تک پہنچے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مابق ایران کے 84 فیصد میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا اور جہاں یہ بظاہر عمدہ کارکردگی اسرائیل کے دفاعی نظام کی اعلیٰ کارکردگی کی علامت ہے وہیں اس بات کی بھی عکاس ہے کہ ایرانی حملے کو مکمل طور پر ناکام بنانے میں شاید اسرائیل کو ناکامی ہوئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی مذکورہ رپورٹ کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب اپنے اسرائیل مخلاف ’آپریشن وعدہ صادق‘ کو ایک کامیابی سے تعبیر کرتی ہے اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف محمد سلامی کے مطابق اس آپریشن نے اسرائیل کے کثیر الجہتی دفاعی حصار اور اس کے اتحادیوں کو کمزور کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp