سینیئر صحافی اور تجزیہ کار رضوان الرحمان رضی نے کہا ہے کہ ملک چلانا سیاستدانوں کا کام ہے فوجی بھائیوں کا نہیں، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی نیشنلائزیشن پالیسی سے ہمارے ہاں نجی شعبہ زوال کا شکار ہوا۔
’وی نیوز‘ کے پروگرام ’سیاست اور صحافت‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رضوان الرحمان رضی نے کہاکہ معاشی ترقی نے کئی بار ہمارے دروازے پر دستک دی لیکن ہم سوئے رہے۔
مزید پڑھیں
رضوان الرحمان رضی نے کہاکہ ہر حکومت نے اپنے دور میں ملک کو سونے کی کان سمجھ کر لوٹا۔ اور ہماری ریاست کا دستور ہی نرالا ہے۔
سینیئر صحافی نے کہاکہ ہمیں ملکی ترقی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو بڑھانا ہوگا، ورنہ معاشی تباہی ہمارے سامنے کھڑی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں قومی خزانے سے ہونے والی ڈکیتیوں کو بند کرنا ہوگا۔
رضوان الرحمان رضی نے کہاکہ آج کی نسبت ماضی میں ذمہ دارانہ صحافت ہوتی تھی، مگر آج سوشل میڈیا نے غیر ذمہ دارانہ صحافت کو انتہا پر پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اب تو بڑے بڑے صحافی بھی ریٹنگ کے لیے غلط خبریں چلاتے ہیں، جس کی وجہ سے عوام ہیجانی کیفیت کا شکار ہیں اور معاشرے پر منفی اثر پڑرہا ہے۔