یکم مئی سے پیٹرول کی قیمت میں کتنی کمی ہوگی؟

جمعرات 25 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رواں ماہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب قیمتوں میں کمی ہونا شروع ہوگئی ہے، گزشتہ 15 دنوں سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 2 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی ہے، جبکہ ڈالر کی قدر 278 روپے پر مستحکم ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یکم مئی سے پیٹرول کی قیمت میں 3 سے 5 روپے فی لیٹر کمی کی جائے گی۔ قیمتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت خزانہ 30 اپریل کو اوگرا کی سمری کی روشنی میں کرے گی۔

ڈالر کی قدر مستحکم اور خام تیل کی قیمت میں کمی

یاد رہے کہ حکومت نے پچھلی بار 15 اپریل جب پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے سے زائد کا اضافہ کیا تھا، اس وقت انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 278 روپے تھی، جو اب بھی 278 روپے ہے، تاہم 15 کو خام تیل کی قیمت 90 ڈالر فی بیرل تھی، جو اب کم ہو کر 88 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

گزشتہ برس کے اختتام پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 73 ڈالر فی بیرل تک گرگئی تھی، اس سے قبل اکتوبر میں خام تیل کی قیمت 94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی، رواں ماہ کے آغاز سے خام تیل کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوا اور قیمت 7 ڈالر کے اضافے سے 90 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی تاہم اب 2 ڈالر فی بیرل کم ہوگئی ہے۔

پاکستان میں ڈالر کی قیمت کے مستحکم ہونے اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 2 ڈالر فی بیرل کی کمی کے پیش نظر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 5 روپے فی لیٹر کی کمی ہوسکتی ہے۔ تاہم قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ 30 اپریل کی رات کو اوگرا کی سمری کی روشنی میں کرے گی۔

فروری کے آخر میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 13 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ 31 جنوری کو برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھنے کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 55 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل حکومت نے عوامی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کرتے ہوئے 15 جنوری کو پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق، جنوری میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا، گزشتہ سال ستمبر سے پاکستان میں روپے کی قدر مستحکم اور ڈالر سستا ہو رہا تھا۔

اس دوران انٹربینک میں ڈالر307 روپے سے کم ہو کر 23 اکتوبر کو 275 روپے کا ہو گیا تھا۔ رواں برس کے آغاز سے ایک مرتبہ پھر ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جو 289 روپے سے کم ہو کر اس وقت 277 روپے 57 پیسے ہوگئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp