افواج پاکستان کے سینیئر فوجی کمانڈروں نے خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں اپریل 2024 میں 2 مختلف واقعات میں ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے 8 کسٹم اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کے لیے ان کے آبائی علاقوں کا دورہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
جمعرات کو پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں کسٹم پولیس کے جوانوں کی بے لوث قربانی کے اعتراف اور اظہار یکجہتی کے طور پر سینیئر فوجی کمانڈروں نے شہدا کے اہل خانہ سے ان کے آبائی گاؤں میں ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا اور فوجی جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سینیئر فوجی کمانڈروں نے لواحقین کو آرمی چیف کی جانب سے بھی تعزیتی پیغام پہنچایا اور ان کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ اس پر شہدا کے ورثا نے افوا ج پاکستان کی حمایت اور احترام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں اور ان کی عزت و احترام ہر پاکستانی پر لازم ہے۔ ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ آج ہم جس امن اور آزادی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں وہ وطن کے ان بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے ہے۔ ہم بحیثیت قوم شہدا کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دی۔