ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ، 10 پولیس اہلکار شہید 6 زخمی ہو گئے

پیر 5 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے میں 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ ڈیرہ پولیس نے واقعے کی تصدیق کر دی۔

پولیس نے بتایا کہ تحصیل درابن میں واقع تھانے پر رات 3 بجے کے قریب حملہ ہوا۔ دہشت گردوں نے رات کے اندھیرے میں بھاری ہتھیاروں سے تھانے کو نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں تھانے میں موجود 10 پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 6 زخمی ہو گئے جبکہ حملے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع پر اضافی نفری تھانے درابن پہنچ گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ حملے میں جان دینے والے اہلکاروں میں محمد اسلم، غلام فرید، محمد جاوید، محمد ادریس، محمد عمران، صفدر، کوثر، احترام سید، رفیع اللہ اور حمید الحق شامل ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا پولیس جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس

نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں تھانے پر دہشت گردوں کے حملے میں پولیس جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس اور حملے کی مذمت کی ہے۔

ارشد حسین شاہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے، وزیر اعلیٰ نے شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے لیے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، حکومت اور پوری قوم پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،  حکومت شہدا کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ شہدا کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp