تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے پر امریکی اور پاکستانی حکام کی ملاقاتیں

جمعہ 26 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی سفارتخانہ کے قائم مقام ترجمان ٹام منٹگمری نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں بہتری کے لیے بات چیت چل رہی ہے، اس سلسلے میں 25 اپریل کو اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں دونوں ملکوں نے اپنے تر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی قائم مقام ترجمان نے بتایا کہ 25 اپریل کو امریکا اور پاکستان کے درمیان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹی آئی ایف اے) کا بین المذاکرہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں امریکی اور پاکستانی حکام نے باہمی تجارت  اور سرمایہ کاری تعلقات میں مزید اضافہ سمیت وسیع تر موضوعات پربات چیت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات کا بنیادی نکتہ بہتر ضابطہ کاری، ڈیجیٹل تجارت، املاکِ دانش کا تحفظ، خواتین کومعاشی طور پر با اختیار بنانا، لیبر، سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل اور زرعی معاملات بشمول امریکی بائیوٹیکنالوجی مصنوعات اور بیف کے لیے رسائی کے معاملات رہے۔

’پاکستان کے وزیرِ خزانہ محمّد اورنگزیب کے امریکی دورہ کے فوراً بعد منعقد ہونے والے ٹی آئی ایف اے جیسے مکالمات باہمی معاشی تعلقات کو بڑھانے اور دونوں ممالک میں کام کرنے والے لوگوں کی خوشحالی میں پیش رفت کے مشترکہ مقاصد میں پیش قدمی کے سلسلہ میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ امریکا عرصہ دراز سے پاکستانی مصنوعات کے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، جس میں مزید وسعت کے امکانات موجود ہیں۔ 2023میں امریکا نے پاکستان سے 5لاکھ ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں جبکہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مصنوعات کے کاروبار کا مجموعی حجم 7لاکھ ڈالر ہے۔

ٹام منٹگمری نے کہا کہ امریکا گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا سرِ فہرست مُلک رہاہے جبکہ پاکستان میں فعال 80 سے زیادہ امریکی کمپنیاں پاکستانی منڈی میں معیاری مصنوعات اور لاکھوں پاکستانیوں کو ملازمت فراہم کرتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp