پاکستان خطے میں اہم ترین شراکت داروں میں ہے، امریکا

جمعہ 26 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ہمارے اہم ترین شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ ہمارا پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون جاری ہے۔

واشنگٹن ڈی سی میں پریس بریفنگ کے دوران پرنسپل ڈپٹی ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کا مضبوط رشتہ ہے اور ہم اسے مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ویدانت پٹیل نے کہا کہ سکھ رہنما پر حملے کا معاملہ امریکی محکمہ انصاف دیکھ رہا ہے، وہی اس پر تبصرہ کرسکتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان نے کہا کہ پاکستانی وزیر خزانہ امریکا کے دورے کے دوران محکمہ خارجہ کے ارکان سے مشاورت کے لیے ملے۔ پاکستان اور امریکہ کا مضبوط رشتہ ہے اور ہم اسے مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔

ادھر امریکی اور پاکستانی حکام نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فریم ورک معاہدے کے تحت ملاقات کی۔ ترجمان امریکی سفارتخانہ کے مطابق ملاقات میں ریگولیٹری طریقوں، ڈیجیٹل تجارت، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر بات چیت کی گئی۔ امریکا طویل عرصے سے پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی رہا ہے، مزید ترقی کے امکانات ہیں۔

2023 میں امریکا نے 5 بلین ڈالر کی پاکستانی اشیا درآمد کیں۔ مجموعی طور پر امریکا اور پاکستانی اشیا کی تجارت 7 بلین ڈالر کی تھی۔ امریکا بھی گزشتہ 20 برس سے پاکستان میں ایک سرکردہ سرمایہ کار رہا ہے۔

اس وقت 80 سے زائد امریکی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ میں اعلیٰ معیار کی اشیا اور لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp