حج کے خواہشمند افراد سوشل میڈیا پر جعلی مہم سے خبردار رہیں، سعودی وزارتِ حج

ہفتہ 27 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی وزارت حج و عمرہ کے ذرائع نے اس سال حج ادا کرنے کے خواہشمند افراد کو سوشل میڈیا پر جعلی حج تشہیری مہم شکار ہونے سے خبردار کیا ہے۔ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت متعدد ممالک میں غیر قانونی طریقے سے کچھ افراد سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی خدمات کی تشہیر کرتے رہتے ہیں۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آئندہ حج صرف سعودی عرب میں متعلقہ ادارے کے ذریعہ، یا قانونی حج امور کے دفاتر یا پھر (نسک حج) پلیٹ فارم سے جاری کردہ حج ویزہ حاصل کرکے ہی جا سکے گا۔

وزارت حج وعمرہ نے سوشل میڈیا پر ایسی جعلی کمپنیوں اور اشتہارات کی نگرانی کی ہے جو پرکشش قیمتوں پر حج کا اہتمام کرنے کا دعوٰی کرتے ہیں، وزارت نے اس طرح کی کمپنیوں اور اشتہارات سے اجتناب برتنے کا کہا ہے۔

اس سلسلے میں وزارت حج وعمرہ نے عراق میں حج و عمرہ کی سپریم اتھارٹی کی جانب سے عراقی حکام کے تعاون سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی ہے، جس میں جعلی حج کی مارکیٹنگ کرنے والی 25 سے زائد جعلی کمپنیوں کو نشاندہی کرکے ان کے مالکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس غیرقانونی رجحان کا مقابلہ کرنے میں تمام ممالک کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو وزارت نے سراہا ہے۔

اس سے قبل وزارتِ حج و عمرہ وضاحت کرچکی ہے کہ عمرہ، سیاحت، ورک ویزا، فیملی وزٹ، ٹرانزٹ اور دیگر ویزوں کا حصول حج کرنے کا اہل نہیں بناتا۔ وزارت ہر کسی سے حج کے نافذ کردہ ضوابط اور قوانین پر عمل کرنے کی اپیل کرتی ہے۔

وزارت نے واضح کیا کہ وہ ایسی جعلی کمپنیوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، اور لوگوں سے ایسی کمپنیوں کے خلاف اطلاع دینے میں تعاون کی امید رکھتی ہے تاکہ بغیر اجازت کے حج کے رجحان کو ختم کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے وزارت کی سرکاری ویب سائٹ کے ساتھ ساتھ وزارت کے مختلف سوشل نیٹ ورکس دستیاب ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp