پاکستان کی ترقی کے مشن میں آپ کے ساتھ ہیں، سعودی وزیر سرمایہ کاری کی شہباز شریف سے گفتگو

اتوار 28 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان کی ملاقات کی ملاقات ہوئی ہے جبکہ سعودی وزیر برائے صنعت بندر بن ابراہیم الخریف نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم کو ’پرائم منسٹر آف ایکشن‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہم سب آپ کی کارکردگی اور کام کرنے کی رفتار سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آپ پاکستان کی ترقی کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں جس میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ کا مشن ہمارا مشن ہے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہاکہ سعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے۔ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستانیوں نے سعودی عرب کے مختلف شعبوں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم اور سعودی وزیر خزانہ کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا۔

سعودی وزیر خزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور کہاکہ پاکستان کی ترقی سعودی عرب کی ترقی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب نے ویژن 2030 کے حوالے سے حکومتی سطح پر اصلاحات کیں اور مشکل فیصلے کیے۔

وزیراعظم سے سعودی وزیر صنعت کی بھی ملاقات ہوئی، تبادلہ خیال

وزیراعظم سے سعودی وزیر صنعت کی بھی ملاقات ہوئی۔ سعودی وزیر صنعت نے زراعت، معدنیات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس ضمن میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔

سعودی وزیر صنعت نے کہاکہ سعودی نجی کمپنیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطے میں ہوں اور یہ کمپنیوں کے نمائندگان بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان اشتراک ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں، شہباز شریف

سعودی وزرا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کا ہر مشکل میں ساتھ دینے پر خادم حرمین شریفین سلمان بن عبد العزیز آل سعود، سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود اور سعودی وزیر وزرا کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ میرے پچھلے دور حکومت میں سعودی عرب کی حمایت اور مدد کی بدولت ہمارے معاشی حالات بہتر ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں۔

ملاقاتوں میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر پاور اویس لغاری بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp